ہفتہ رفتہ: فی من روئی کی قیمت میں 400 روپے کی کمی

احتشام مفتی  پير 12 اپريل 2021
بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں روئی کے بھاؤ میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، نسیم عثمان
 (فوٹو : فائل)

بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں روئی کے بھاؤ میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، نسیم عثمان (فوٹو : فائل)

 کراچی:  مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ جنرز کی وسیع سپلائی کے باوجود ٹیکسٹائل ملوں کی جانب سے محتاط خریداری سرگرمیوں کے باعث مندی کے اثرات غالب رہے۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران فی من روئی کی اسپاٹ قیمت میں 400 روپے کی کمی کی گئی جبکہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں اتار چڑھاؤ کا ماحول رہا۔پی سی جی اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ان کے پاس صرف 85 ہزار روئی کی گانٹھوں کا اسٹاک رہ گیا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں۔

ان عوامل کے سبب روئی کی قیمتوں میں اگرچہ اضافہ ہونا چاہیے لیکن ڈالر کے ریٹ میں کمی سے یارن اور کاٹن کی مارکیٹ میں مندی رہی۔گزشتہ ہفتے بھارت سے روئی کاٹن یارن اور چینی درآمد کرنے کے متعق فیصلوں کے بعد مقامی کاٹن مارکیٹ میں سست روی کا شکار ہوئی۔ ہفتہ وار کاروبار کے دوران صوبہ سندھ میں فی من روئی کی قیمت 10200 تا 10500 روپے رہی جبکہ فی 40کلوگرام پھٹی کی قیمت 4800 تا 5200 روپے رہی۔ پنجاب میں فی من روئی کی قیمت 10500 تا 10800 روپے رہی جبکہ فی 40کلوگرام پھٹی کی قیمت 4800 تا 5800 روپے رہی۔

بلوچستان میں دالبدین سے آنے والی فی 40کلوگرام پھٹی کی قیمت 6000 تا 6200 روپے رہی۔ اسی طرح کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے فی من روئی کی اسپاٹ قیمت 400 روپے کی کمی کر کے 10800 روپے پر بند کیا۔کراچی کاٹن بروکرزفورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں روئی کے بھاؤ میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ نیویارک کاٹن مارکیٹ میں فی پاونڈ روئی کی قیمت دوبارہ بڑھ کر 82 سینٹ فی پاؤنڈ ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔