کراچی میں 3 بچوں کی ہلاکت پر شوہر نے بیوی پر قتل کا مقدمہ درج کرادیا

اسٹاف رپورٹر  پير 12 اپريل 2021
قتل میں بیوی کی ماں، بہن ، بہنوئی اور چھوٹا بھائی ملوث ہوسکتے ہیں، والد کا دعویٰ

قتل میں بیوی کی ماں، بہن ، بہنوئی اور چھوٹا بھائی ملوث ہوسکتے ہیں، والد کا دعویٰ

 کراچی: گلستان جوہر میں جاں بحق ہونے والے تینوں بچوں کی میتیں ایدھی سردخانہ سہراب گوٹھ سے لاہور کے لیے روانہ کر دی گئیں۔

ایدھی ترجمان کا کہنا ہے کہ تینوں میتیں الگ الگ ایمبولینسوں کے ذریعے روانہ کی گئی ہیں ، میتوں کے ساتھ بچوں کے والد چاچا اور ایک رشتے دار بھی موجود ہے۔

جاں بحق ہونے والے بچوں کے والد محمد عمران نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور پہنچنے کے دو سے تین گھنٹے بعد بچوں کو سپردخاک کر دیا جائے گا ، لاہور میں میری والدہ اور دیگر بہن بھائی رہائش پذیر ہیں ، محمد عمران کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ نورین کے خلاف تینوں بچوں کے قتل کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی؛ گلستان جوہر کے فلیٹ میں 3 کمسن بہن بھائیوں کی پراسرار ہلاکت

تفتیشی حکام نے نورین کو حراست میں لیا تھا اور ابتدائی تفتیش کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا پوسٹ مارٹم کرا لیا گیا ہے آئندہ 24 گھنٹوں میں کیمیکل اجزا لیبارٹری سے رپورٹس آجائے گی جس کے بعد نامزد ملزمہ کو باقاعدہ گرفتار کر لیا جائے گا۔

محمد عمران نے وثوق کے ساتھ دعویٰ کیا ہے کہ اس کے بچوں  زیدان ، عیشال اور ارشان کے قتل میں بیوی نورین کے ساتھ اس کی ماں زاہدہ پروین ، بہن کوثر ، بہنوئی جاوید اور نورین کا چھوٹا بھائی شعیب بھی ملوث ہوسکتے ہیں، بچوں کی تدفین اور سوئم کے بعد وہ فوری طور پر ایف آئی آر کی پیروی کرنے کراچی پہنچ جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔