تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی نظر بند

آصف محمود  پير 12 اپريل 2021
سعد حسین رضوی نے اہلیان پاکستان تمام وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مارچ کا حصہ بننے کی اپیل کی تھی فوٹو: فائل

سعد حسین رضوی نے اہلیان پاکستان تمام وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مارچ کا حصہ بننے کی اپیل کی تھی فوٹو: فائل

 لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کو نظر بند کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کو نظر بند کردیا گیا ہے، ڈی سی لاہور نے ان کی نظر بندی کے احکامات جاری کئے ہیں۔

تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک کے سربراہ سعد حسین رضوی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جس کی پرزور مذمّت کرتے ہیں، حکومتی اوچھے ہتھکنڈے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور وزیراعظم معاہدے کی پاسداری کریں۔ تحریک لبیک پاکستان مجلسِ شوریٰ کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل طے کریں گے۔ کارکنان حوصلے بلند رکھیں۔

واضح رہے کہ سعد حسین رضوی کی نظر بندی سے قبل تحریک لبیک پاکستان نے فرانس کے سفیر کی ملک بدری اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کے معاملے پر ناموس رسالتﷺ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ تحریک لبیک پاکستان نے مارچ کا فیصلہ مرکزی شوری کے اجلاس میں کیا، 21 رکنی مرکزی مجلس شوریٰ نے اتفاق رائے سے ناموس رسالتﷺمارچ کا اعلان کیا، ناموس رسالت مارچ کا آغاز 20 اپریل کی رات مولانا خادم حسین رضوی کی آخری آرام گاہ پر فاتحہ خوانی سے ہوگا۔

ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی نے کہا تھا کہ حکومت نے علامہ خادم حسین رضوی کے ساتھ 16 نومبر 2020 کو معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق 3 ماہ میں گستاخ فرانسیسی سفیر ملک بدر اور فرانس کا مکمل بائیکاٹ کرنا تھا لیکن تکمیل معاہدے کے لئے 20 اپریل تک کی مزید مہلت لی گئی۔ معاہدے کی ڈیڈ لائن کا اعلان وزیراعظم پاکستان نے خود میڈیا پر کیا، اب اگر 20 اپریل تک فرانس کا سفیر نہ نکلا تو ناموسِ رسالت مارچ ہو گا، 20 اپریل رات 12 بج کر 1 منٹ پر علامہ خادم حسین رضوی کے مزار سے مارچ کا آغاز ہو گا، اہلیان پاکستان تمام وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ناموس رسالت مارچ کا حصہ بنیں۔

دوسری طرف حکومت تحریک لبیک کے ساتھ کیے گئے معاہدے کو قرارداد کی شکل میں اسمبلی میں پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری سمیت دیگر وزرا سے ملاقات میں ہدایت کی تھی کہ فرانس کے سفیرکوملک بدر کرنے اور مصنوعات کے بائیکاٹ بارے تحریک لبیک سے طے پانے والے معاہدے کو قرارداد کی شکل میں اسمبلی کے سامنے رکھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔