رمضان میں بازار صبح 6 سے رات 8 بجے تک کھلیں گے، سندھ حکومت

اسٹاف رپورٹر  منگل 13 اپريل 2021
جمعہ اتوار چھٹی ہوگی، کورونا ایس او پیز سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ کا نیا حکم نامہ

جمعہ اتوار چھٹی ہوگی، کورونا ایس او پیز سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ کا نیا حکم نامہ

 کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے کاروباری مراکز اور ماہ رمضان المبارک میں مذہبی عبادتگاہوں کے لئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے نوٹفیکیشن جاری کردیے۔

کاروباری اور سماجی سرگرمیوں سے متعلق جاری حکم نامے کے تحت کاروباری مراکز اور بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں صبح 6 بجے سے شام 8 بجے تک ہونگی جبکہ جمعہ اور اتوار کو سیف ڈیز کے طور پر مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہینگی۔

نوٹیفیکشن کے مطابق ریستوران میں انڈور سروس کی اجازت نہیں ہوگی تاہم آؤٹ ڈور سروس کی رات دس بجے تک اجازت ہوگی اور رات دس بجے کے بعد ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔

تفریحی پارکس، سینما اور مزارات مکمل طور پر بند رہینگے شادی بیاہ کی انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی ۔ سماجی، سیاسی، ثقافتی، کھیلوں، موسیقی کے پروگراموں اور مذہبی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی ۔

محکمہ داخلہ سندھ نے رمضان المبارک کے لئے مساجد و امام بارگاہوں میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں عبادات کا طریقہ کار وضع کردیا ہے جس کے مطابق مساجد و امام بارگاہوں میں دوران عبادات سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ مساجد و امام بارگاہوں میں قالین اور دریاں نہ بچھائی جائیں، 50 سال سے زائد معمر افراد اور کم عمر بچوں کی مساجد و امام بارگاہوں میں آنے کی ممانعت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔