سندھ کے چھ شہروں کیلیے 250 ہائبرڈ الیکٹرک بسیں خریدنے کی منظوری

اسٹاف رپورٹر  منگل 13 اپريل 2021
سندھ کابینہ نے مردم شماری کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے اور باردانہ کے لیے فارم 7 کی شرط ختم کرنے کی بھی مںظوری دیدی (فوٹو : فائل)

سندھ کابینہ نے مردم شماری کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے اور باردانہ کے لیے فارم 7 کی شرط ختم کرنے کی بھی مںظوری دیدی (فوٹو : فائل)

 کراچی: سندھ کابینہ نے مردم شماری کے معاملے کو پارلیمنٹ میں لے جانے، 250 ڈیزل ہائبرڈ الیکٹرک بسوں کی خریداری ، سندھ سالڈ مینجمنٹ کو ڈویژنل سطح پر منتقل کرنے اور محکمہ خوراک کو گندم خریداری کے لیے فارم سیون کی شرط ختم کرنے سمیت دیگر اُمور کی منظوری دے دی۔

منگل کو صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت وزیراعلی ہاؤس میں 7 گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جو صبح دس بجے شروع ہوا اور شام پانچ بجے ختم ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ اور دیگر متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔

سندھ کے چھ شہروں کیلیے بسوں کی خریداری منظور

وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اویس قادر شاہ نے کابینہ کو بتایا کہ محکمہ کا منصوبہ ہے کہ وہ سندھ انٹرا ڈسٹرکٹ پیپلز بس سروس منصوبے کے تحت 250 ڈیزل ہائبرڈ الیکٹرک بسیں خریدیں۔ انہوں نے کابینہ کو بتایا کہ یہ بسیں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور شہید بینظیر آباد میں چلیں گی، محکمہ ماس ٹرانزٹ نے ایک پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کیں اور اس منصوبے پر 8 ارب روپے لاگت آئے گی۔

کابینہ نے اس تجویز کی منظوری دی اور بسوں کی خریداری کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کو اجازت دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ اس مقصد کیلئے محکمہ کو ضروری فنڈز فراہم کریں گے اور اسے چھ اضلاع کے عوام کیلئے خوشخبری بھی قرار دیا۔

مردم شماری کے معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے کی منظوری

منگل کو صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت وزیراعلی ہاؤس میں 7 گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جو صبح دس بجے شروع ہوا اور شام پانچ بجے ختم ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ اور دیگر متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ کو بتایا کہ وہ پیر کو ویڈیو لنک کے ذریعہ سی سی آئی اجلاس میں شریک ہوئے جس میں مردم شماری -2017ء کو متفقہ ووٹ کے باعث منظور کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا تھا کہ مردم شماری کے نتائج کے خلاف چاروں صوبوں کو شدید تحفظات ہیں لہذا دوبارہ جائزہ لیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کابینہ کو بتایا کہ سی سی آئی اپنے آغاز سے ہی متفقہ فیصلے لے رہی ہے لیکن یہ پہلا فیصلہ تھا جو ووٹ کی مخالفت کے باوجود لیا ہے اور کہا کہ ایسی صورتحال میں یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانا پڑتا ہے۔ صوبائی کابینہ نے مردم شماری کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کی منظوری دے دی۔

باردانہ کے لیے پاس بک (فارم IV) تیار کرنے کی شرط ختم

وزیر خوراک ہری رام اور ان کے محکمہ کے سیکریٹری حلیم شیخ نے بتایا کہ انہوں نے یکم اپریل 2021ء سے گندم کی خریداری شروع کردی ہے۔ وزیر نے بتایا کہ زیریں سندھ کے اضلاع میں 60 فیصد سے زیادہ فصل کاشت کی جاچکی ہے تاہم اب تک 6333.850 میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی جا چکی ہے۔

وزیر خوراک ہری رام نے کہا کہ گندم کی خریداری سے متعلق پالیسی ہدایات خریداری میں تاخیر کا سبب بنتی ہیں لہذا انہوں نے کابینہ کو زرعی پاس بک / فارم 7 تیار کرنے کی شرط سے استثنا کی تجویز پیش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ استثناء سے کاشت کاروں کو محکمہ خوراک کے خریداری مراکز سے بار دانہ کے لیے راغب کرے گی، صوبائی حکومت ہر موڈ کی قیمت 2000 روپے پیش کر رہی ہے لہذا کاشت کار نہ صرف بہت خوش ہیں بلکہ اپنی پیداوار صوبائی حکومت کو فروخت کرنے پر بھی مائل ہیں۔

کابینہ نے محکمہ فوڈ کی تجویز کی منظوری دی اور باردانہ حاصل کرنے کے لیے پاس بک یعنی فارم IV تیار کرنے کی شرط ختم کردی اور محکمہ خوراک کو پی پی بیگ کی مزید 2600 بیگ خریدنے کی بھی اجازت دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔