بلاول بتائیں اسٹیبلیشمنٹ سے اتحاد کیوں کیا؟ شاہد خاقان عباسی

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 14 اپريل 2021
پیپلزپارٹی ساتھ نہیں رہنا چاہتی تو انکا اپنا فیصلہ ‘ ہائبرڈ حکومت ناکام ہو چکی، گفتگو۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی ساتھ نہیں رہنا چاہتی تو انکا اپنا فیصلہ ‘ ہائبرڈ حکومت ناکام ہو چکی، گفتگو۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بلاول بتائیں کہ انھوں نے حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ سے اتحاد کیوں کیا؟ 

احتساب عدالت پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان نے کہا کہ بلاول بتائیں کہ انھوں نے حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ سے اتحاد کیوں کیا؟ پیپلز پارٹی اگر ساتھ نہیں رہنا چاہتی تو انکا اپنا فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو جماعت اتحادی کا اعتماد کھو بیٹھے پھر شمولیت کا کوئی امکان نہیں،ان کا اپنا راستہ ہے، پی ڈی ایم کا اپنا راستہ ہے، ہمارا مقصد نظام کی تبدیلی ہے، تحریک لبیک کے احتجاج کے معاملے پر حکومت سے پوچھا جائے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نام نہاد احتساب کے معاملات سب کے سامنے ہیں،یہ تماشا ایسے ہی لگا رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن نیب سمیت کسی کو نظر نہیں آتی، کیا آج ملک کا سب سے بڑا مسئلہ مردم شماری ہے؟ مہنگائی بڑھ گئی، بجلی وگیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، ہائبرڈ حکومت ناکام ہو چکی ہے، وہ وقت دور نہیں جب احتساب کرنے والوں کا احتساب ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔