ہوائی جہاز جیسا پرس، جو ہوائی جہاز سے بھی مہنگا ہے!

ویب ڈیسک  جمعـء 16 اپريل 2021
اس پرس کی قیمت ایک عام سیسنا طیارے سے بھی کئی ہزار ڈالر زیادہ ہے۔ (تصاویر: لوئی ویٹن)

اس پرس کی قیمت ایک عام سیسنا طیارے سے بھی کئی ہزار ڈالر زیادہ ہے۔ (تصاویر: لوئی ویٹن)

نیو یارک: ایک امریکی فیشن ڈیزائنر نے چمڑے سے بنا ہوا ایک ایسا پرس ڈیزائن کیا ہے جو کسی ہوائی جہاز کی طرح دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کی قیمت بھی ہوائی جہاز سے زیادہ ہے۔

امریکی کمپنی ’’لوئی ویٹن‘‘ میں مینزویئر آرٹسٹک ڈائریکٹر اور مشہور امریکی فیشن ڈیزائنر ورجل ایبلوہ نے یہ پرس ڈیزائن کیا ہے جو گزشتہ چند ماہ سے کمپنی کی ویب سائٹ پر برائے فروخت رکھا ہوا ہے۔

تاہم پچھلے ہفتے ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنی ایک پوسٹ میں اس پرس اور سیکنڈ ہینڈ سیسنا ہوائی جہاز کی قیمتوں میں موازنہ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ’’ای بے‘‘ پر سیکنڈ ہینڈ، مسافر بردار سیسنا ہوائی جہاز میں موازنہ کرتے ہوئے اس بارے میں ایک پوسٹ شیئر کرائی جس میں بتایا گیا تھا کہ 32 ہزار ڈالر میں دستیاب ہے جبکہ اس پرس کی قیمت 39 ہزار ڈالر ہے جو استعمال شدہ سیسنا کی قیمت سے بھی 7 ہزار ڈالر زیادہ ہے۔

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی یہ پوسٹ نہ صرف خوب شیئر کی گئی بلکہ جگہ جگہ کاپی پیسٹ کرکے خوب پھیلائی بھی گئی۔

اکثر صارفین کو یہی اعتراض ہے کہ ایک طرف تو دنیا کے اربوں لوگ غربت کا شکار ہے تو دوسری طرف ہوائی جہاز جیسا دکھائی دینے والا پرس اتنے مہنگے داموں میں فروخت کیا جارہا ہے، جسے لوگ خرید بھی رہے ہیں۔

البتہ، بعض صارفین کا کہنا ہے کہ پرس مہنگا ہو یا سستا، خریدنے والے کی مرضی ہے کہ وہ خریدے یا نہ خریدے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔