اسرائیل کے جنگی طیاروں کی غزہ پر بمباری

ویب ڈیسک  جمعـء 16 اپريل 2021
فضائی حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فوٹو: فائل

فضائی حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فوٹو: فائل

 غزہ: اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر بمباری کی اور اسلحہ ڈپو سمیت ملٹری سائٹس کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں فضائی کارروائی کے دوران حماس کی ملٹری سائیٹس اور اسلحہ ڈپو کو تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی غزہ کی جانب سے اسرائیلی سرزمین پر داغے گئے میزائل کے جواب میں کی گئی۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فضائی کارروائی میں ایک ایسے ٹنل کو بھی تباہ کیا گیا ہے جسے حماس کے جنگجو اسلحہ کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کرتے تھے جب کی ایک ٹنل سے جنگجو غزہ سے اسرائیل میں داخل ہوتے تھے۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیلی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے جنگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زرعی زمین پر فضائی حملے کیئے جس سے کئی کسانوں کے گھر اور فصلیں تباہ ہوگئیں۔

حماس نے میزائل داغے جانے کے اسرائیلی دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج معصوم شہریوں پر بمباری کے لیے بہانے تراشتی ہے اور بلاجواز فضائی حملے کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔