وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی سیف سٹی منصوبے کیلیے 30 ارب روپے کی منظوری

ویب ڈیسک  جمعـء 16 اپريل 2021
شہر بھر میں کیمرے لگانے کا آغاز آئندہ مالی سال سے ہوگا، فوٹو: فائل

شہر بھر میں کیمرے لگانے کا آغاز آئندہ مالی سال سے ہوگا، فوٹو: فائل

 کراچی: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے 30 ارب روپے کی لاگت سے شہر قائد کیلئے سیف سٹی منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں سیف سٹی منصوبے کے تین مراحل میں 10 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے اور آئندہ مالی سال 22-2021 سے ہر مرحلے کو 12 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا جس کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے 30 ارب روپے کی منظوری دیدی ہے۔

پہلے مرحلے میں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور ضلع جنوبی میں 9.9 ارب روپے کی لاگت سے کیمرے لگائے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں 9.8 ارب روپے کی لاگت سے تین اضلاع میں کیمرے لگائے جائیں گے جن کا انتخاب بعد میں کیا جائے گا جب کہ تیسرے اور اختتامی مرحلے میں 9.7 ارب روپے کی لاگت سے مزید تین اضلاع میں کیمرے لگائے جائیں گے۔

سیف سٹی پروجیکٹ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 8 ہزار کیمرے 12 میگاپگسل جبکہ 2 ہزار کیمرے 8 میگا پگسل کے لگائے جائیں گے۔ اسی طرح 2 ہزار سے زائد مقامات پر شمسی توانائی سے بیک اپ کے ساتھ 10 ہزار کیمرے لگائے جائیں گے ان کی مانیٹرنگ کیلئے ایک سینٹرل، ایک علاقائی کمانڈ سینٹر اور ڈیٹا بیس مراکز قائم کیئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس وقت شہر میں 538 مقامات پر 2196 کیمرے لگائے گئے ہیں ان میں سے 1201 کے ایم سی، 198 محکمہ آئی ٹی اور 155 سندھ پولیس کے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔