علمِ نجوم کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 18 اپريل 2021
19 تا 25 اپریل 2021

19 تا 25 اپریل 2021

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا 20 اپریل
ابتدائی دو ایام میں آپ کی توانائی کا گراف اونچا رہے گا، اور مزاج میں نرمی و شگفتگی در آسکتی ہے۔ بدھ اور جمعرات کو کسی دیرینہ دوست سے رابطے یا ملاقات کا امکان ہے۔ کسی بزرگ سے بھی ملاقات ہوسکتی ہے یا ایسا کوئی شخص جس سے ملنا آپ کے قلبی سکون کی وجہ بنے جمعہ اور ہفتہ آپ کے مالی امور کے لیے ایک شان دار وقت ہوسکتا ہے۔ کچھ نئے معاہدے ہوسکتے ہیں۔ اتوار کو آپ کی شریک حیات یا شراکتی سے تلخی کا اندیشہ ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
اس ہفتے کی 22 ، 23 اور 24 تاریخیں اہم ہوسکتی ہیں۔ محبت کاایک نیا دور شروع ہوسکتا ہے۔ کوئی شخص آپ کی زندگی میں داخل ہوسکتا ہے، گھر اور والدہ کی طرف سے کچھ الجھنیں ہوسکتی ہیں۔ اس ہفتے کے آخر میں کچھ قریبی لوگوں سے پریشانی کا سامان ہوسکتا ہے۔ کوئی بھائی یا پڑوسی آپ کی ذہنی پریشانی کا سبب بن سکتا ہے اور آپ کے وقار پر حرف آسکتا ہے۔ محتاط رہیں۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
21 تاریخ آپ کے آمدن و اخراجات کے لیے ایک نئی منصوبہ بندی کا دن ہے۔ 19 اور 20 آپکی آمدن میں اضافہ لاسکتا ہے۔
کسی قسم کے غیرقانونی لین دین سے گریز کیجیے گا، کیوںکہ اس کے نتائج جلد سامنے آنے والے ہیں۔ بیرون ملک لین دین یا آن لائن کام سے فائدہ ہوتا ہوا نظر آتا ہے لیکن ایک بات کا خیال رکھیے گا کہ نقصانات اور اخراجات کو دل پر نہ لیں کیوںکہ آپ کا احساسِ زیاں بڑھ سکتا ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
آپ خود کو پہلے سے زیادہ پرسکون اور توانا محسوس کریں گے۔ آپ کے دیرینہ دوستوں اور بڑے بہن بھائیوں سے فائدے اور تعلقات کا خانہ متحرک ہورہا ہے۔ پیر اور منگل آپ کو کئی ایک اچھی خبریں سناسکتا ہے۔ ایسے کاموں کی ابتدا ہوسکتی ہے جو عرصۂ دراز تک آپ کے لیے مالی و روحانی آسودگی کا سبب بن سکتے ہیں۔ کچھ کام بن کے بگڑسکتے ہیں، محتاط رہیں۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
ہفتے کے ابتدائی ایام میں آپ کے وقار میں اضافہ ہوگا اور فیملی اور آپ سے منسلک لوگ آپ کو صاحب الرائے سمجھتے ہوئے آپ سے اپنے امور میں مشورہ ضروری محسوس کریں گے۔ یہیں اسی دورانیے میں کچھ حاسد بھی سامنے آئیں گے۔ آخری دو دنوں میں والد کی صحت کا خیال رکھیں۔ ممکن ہے آپ کی ٹانگوں میں کسی وجہ سے درد ہو، خیال رکھیں۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا سیارہ اور خوش قسمتی کا سیارہ اپنے بہترین مقام پر ہم کلام ہورہے ہیں۔ ساتھ ہی سورج جو اس کیفیت میں جان ڈالنے کے لیے موجود ہوگا اور قمر سے اچھی روشنی وصول کررہا ہوگا۔ ایسے وقت میں بیرون ملک سے کچھ فائدے ہونے کا امکان ہے یا ایسے ذرائع جن کا بظاہر امکان نہیں ہوتا۔ اتوار کے دن کسی سے تلخی کا اندیشہ ہے

برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
ایک مشکل ہفتہ ہوسکتا ہے۔ آپ کا سیارہ حادثات، وراثتی کیسز اور پرانی بیماریوں کے خانے میں ہے یہاں یہ غیرمتوقع مالی فائدہ دلاسکتا ہے لیکن یہ اتنا آسان نہیں لگتا۔ آپ کا شریک حیات آپ کے لیے درد سرد بن سکتا ہے۔ کمر و معدے سے متعلق کچھ مسائل ہوسکتے ہیں۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کے کیریر میں جاری مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کچھ درپردہ قوتوں سے کام لیں گے۔ گویا آپ انگلیاں ٹیڑھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ آخری تاریخ یعنی ہفتہ اتوار کو محتاط رہیں۔ آپ کا مقدر کچھ کم زور ہوسکتا ہے۔ مجموعی طور پر اس ہفتہ اتارچڑھائو آتا رہے گا، چوکنّا رہیں۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
جمعرات اور جمعے کو آپ کا ذاتی سیارہ مشتری ایک خاص سعادت دینے کی حالت میں ہوگا۔ ایسے وقت میں آپ کمیونیکیشن سے فائدے لے سکتے ہیں۔ کچھ چھپے ہوئی چیزیں آپ کے سامنے آئیں گی۔ بزنس میں اچھی پیش رفت کا امکان ہے۔ شریک حیات سے کچھ غلط فہمی کی بنا پر توتو میں میں ہوسکتی ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
پانچویں خانے کو اعلٰی شعور فہم وفراست اور تخلیقی صلاحیت کا خانہ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں پر سیارگان کا اجتماع ہورہا ہے۔ ایسے وقت میں آپ چیزوں کو بہتر انداز میں سمجھنے کے قابل ہوسکیں گے اور پہلے جو باتیں آپ سے پوشیدہ تھیں آپ کے سامنے آجائیں گی اور گہری چھپی ہوئی باتوں سے آپ اپنی عملی زندگی کو بہتر بناسکیں گے۔ اتوار کو کچھ تکلیف دہ امور سے واسطہ پڑسکتا ہے

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
گھر کا سیارہ اپنے خانے میں موجود ہے۔ ایسے وقت میں گھر کی تعمیر اور تزئین وآرائش ہوسکتی ہے اور اس سلسلے میں آپ عملی طور پر اقدامات کرتے نظر آتے ہیں۔ آپ مستقبل اور کیریر کے لیے منصوبہ بندی کرسکیں گے۔ مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے اور غیرمتوقع بھی ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
گذشتہ کئی ماہ سے جاری ایک مشکل وقت کا یہ آخری ہفتہ ہوسکتا ہے۔ سیارے آپ کی سوچ اور بہتر رابطوں اور فیصلوں کی پوزیشن میں آسکیں گے۔ اپنے کام فون کالز کے ذریعے کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اگرچہ کام کی رفتار زیادہ نہ ہوگی لیکن درست سمت میں ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔