میاں صاحب کے کچھ لوگ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن رہے ہیں، فردوس عاشق

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 اپريل 2021
جب تک عدالت کا حکم امتناعی موجود ہے حکومت گھر گرانے کو کوئی ارادہ نہیں رکھتی (فوٹو : فائل)

جب تک عدالت کا حکم امتناعی موجود ہے حکومت گھر گرانے کو کوئی ارادہ نہیں رکھتی (فوٹو : فائل)

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے میاں صاحب کے کچھ وفادار شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کررہے ہیں، نوازشریف کے گھر کے حوالے سے ہم عدالتی احکامات کے پابند ہیں، جب تک عدالت کا حکم امتناعی موجود ہے حکومت گھر گرانے کو کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 364 رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں جس میں چینی 65 روپے فی کلو اور375 روپے کا دس کلو آٹا دستیاب ہے۔

سیاسی معاملات پر انہوں نے کہا کہ ایک منشیات فروش نے پنجاب کے سرکاری افسران کو دھمکیاں دیں، واضح کردیں وہ وقت گزر چکا جب شاہی خاندان سرکاری افسران سے مرضی کے کام کرواتے تھے، اب دہشت گردی کا مقدمہ درج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ریگولرائز کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ہائی کورٹ کے حکم پر حکومت نے آرڈی ننس پاس کیا جس کے تحت ہائی کورٹ کے ججز کمیشن قائم کریں گے جو ہاؤسنگ سوسائٹیز ایس او پیز کے تحت کام کررہی ہے انہیں ریگولرائز کرلیا جائے گا اور جنہوں نے شہریوں کو دھوکا دیا اور پیسے لوٹے ان کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ اس وقت پورے پنجاب میں کورونا کے وار شدید ہیں اور وینٹی لیٹرز پر شدید دباؤ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔