معلومات چرانے کے لیے ٹیکس دہندگان کو ایف بی آر کی جعلی ای میل ملنے کا انکشاف

ارشاد انصاری  ہفتہ 17 اپريل 2021
ایف بی آر نے جعلی اور وائرس زدہ ای میلز سے متعلق الرٹ جاری کر دیا (فوٹو : فائل)

ایف بی آر نے جعلی اور وائرس زدہ ای میلز سے متعلق الرٹ جاری کر دیا (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: ضروری معلومات چرانے کے لیے ٹیکس دہندگان کو ایف بی آر کی جعلی ای میل ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ میں ایف بی آر نے جعلی اور وائرس زدہ ای میلز سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔ فیڈرل بور ڈ آف ریونیو کو ٹیکس گزاروں کی طرف سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ انہیں ای میلز بھیجی جارہی ہیں جس میں منسلک شدہ انکم ٹیکس ڈیفالٹرز لسٹ کا حوالہ دیا گیا ہے تا کہ ٹیکس گزار لسٹ میں سے اپنا نام تلاش کر لیں۔

اس حوالے سے ایف بی آر نے بیان جاری کیا ہے ایف بی آر نے ایسی کسی بھی ای میلز کے بھیجے جانے پر لاتعلقی کا اظہارکیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جعلی ای میلز [email protected] ای میل ایڈریس سے بھیجی جار ہی ہیں، ان جعلی ای میلز میں ٹیکس گزاروں کو ہدایات جاری کی جارہی ہیں کہ وہ انکم ٹیکس ڈیفالٹر ز لسٹ تفصیلات کا معائنہ کر لیں اسی طرح کی کچھ مزید جعلی ای میلز بھیجی جا رہی ہیں جس میں ٹیکس گزاروں کو ڈیفالٹرز لسٹ کھولنے کے لئے پاس ورڈ بھی بھیجا جا رہا ہے۔

ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو خبردار کیا ہے کہ یہ جعلی ای میلز وائرس زدہ ہیں ان جعلی وائرس زدہ ای میلز کے ذریعے ٹیکس گزاروں سے اہم معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسی جعلی ای میلز کو مکمل طور پر نظر انداز کردیں اور فورا” متعلقہ اتھاریٹیز کو اس کے بارے میں آگاہ کریں ایف بی آر نے اپنی ویب سایٹ www.fbr.gov.pk کے ذریعے ٹیکس گزاروں کو ایسی جعلی ای میلز سے نمٹنے کے لیے رہ نمائی فراہم کر دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔