کورونا ویکسین کیلیے عالمی اور ایشیائی بینک سے مذاکرات

شہباز رانا  اتوار 18 اپريل 2021
دونوں بینکوں سے 33.5 ڈالر قرضوں کی درخواست، چینی ویکسین نہیں خریدی جاسکے گی۔ فوٹو: فائل

دونوں بینکوں سے 33.5 ڈالر قرضوں کی درخواست، چینی ویکسین نہیں خریدی جاسکے گی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: کورونا ویکسین خریداری کیلیے قرضے کے حصول کیلیے حکومت کے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے مذاکرات جاری ہیں۔

کورونا ویکسین خریداری کیلیے 33.5 کروڑ ڈالر قرضے کے حصول کیلیے حکومت کے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے مذاکرات جاری ہیں تاہم اس رقم سے چینی ویکسین نہیں خریدی جا سکے گی۔

ایشیائی بینک سے 20کروڑ ڈالر اور ورلڈ بینک سے 13.5کروڑ ڈالر قرضے کی درخواست کی گئی ہے۔ چینی ویکسینز عالمی بینک اور ایشیائی بینک کی فنڈنگ کے معیار پر پورا نہیں اترتی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ ہم نے یہ معاملہ اٹھایا ہے، فنڈنگ پاکستان کیلیے بڑا مسئلہ نہیں ہے اصل مسئلہ ویکسینز کی دستیابی کا ہے۔ وفاقی کابینہ پہلے ہی کورونا ویکسین کے حصول کیلئے 15کروڑ ڈالر کی منظوری دے چکی ہے جس میں سے 9کروڑ ڈالر اسلامی ترقیاتی بینک فراہم کریگا۔

واضح رہے کہ حکومت 60لاکھ ویکسین کا آرڈر دے چکی ہے جو مئی تک پاکستان پہنچ جائیگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔