لاہورمیوزیم میں رمضان المبارک کی مناسبت سے اسلامی نوادرات کی نمائش

ویب ڈیسک  اتوار 18 اپريل 2021
نمائش میں اسلامی کیلی گرافی کے نمونے سونے اورچاندی کی تاروں سے لکھا گیا کلمہ طیبہ سے مزین غلاف کعبہ بھی رکھا گیا ہے

نمائش میں اسلامی کیلی گرافی کے نمونے سونے اورچاندی کی تاروں سے لکھا گیا کلمہ طیبہ سے مزین غلاف کعبہ بھی رکھا گیا ہے

 لاہور: لاہورمیوزیم میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی مناسبت سے اسلامی نوادرات کی نمائش سجائی گئی ہے۔ نمائش میں اسلامی کیلی گرافی، 8 ویں صدی عیسوی میں ملنے والے قرآن پاک کے نسخے اوردیگرنوادرات موجود ہیں۔
نمائش کے منتظمین کا کہنا ہے کہ کووِڈ19 کی وجہ سے سیاحوں کی بہت کم تعداد میوزیم آرہی ہے، تاہم اسلامی نوادرات سے دلچسپی رکھنے والے افرادلاہور میوزیم کے سوشل میڈیا پیجز پر بھی اس نمائش کودیکھ سکتےہیں۔

میوزیم میں نوادرات دیکھنے آنیوالی ایک خاتون نے نمائندہ ایکسپریس کوبتایا کہ اس ماہ مقدس میں میوزیم انتظامیہ کی جانب سے اسلامی نوادرات کی نمائش کا اہتمام دیکھ کر انہیں بڑی خوشی ہوئی ہے۔  نمائش میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے ہاتھ سے خط کوفی میں لکھے گئے قرآن پاک کے اوراق اورصدیوں پرانے نسخے موجود ہیں۔

Lahore museum (3)

نمائش میں آنے والے افراد اسلامی کیلی گرافی کے نمونوں، سونے اورچاندی کی تاروں سے لکھے گئے کلمہ طیبہ سے مزین غلاف کعبہ کودیکھنے کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں۔

Lahore museum (4)

اس نمائش کی بابت لاہورمیوزیم کے ترجمان محمدعاصم نے بتایا کہ میوزیم میں اسلامی آرٹ اینڈکرافٹ، کیلی گرافی سمیت نوادرات کا ایک ذخیرہ موجود ہے جن میں چند نوادرات نمائش میں رکھے گئے ہیں، جن میں مغل بادشاہ ہمایوں کے دور کالکڑی کاایک فریم ہے جس پر آیت الکرسی کنندہ کی گئی ہے، اسی طرح غلاف کعبہ کا ٹکڑاہے، انڈونیشیا سے منگوائے گئے قدیم نوادرات ہیں۔

Lahore museum (6)

ماڈلز کے ذریعے وضوسے لیکرنمازکی ادائیگی تک کا طریقہ بتایا گیا ہے اسی طرح قدیم دورمیں درس قرآن وحدیث کی محافل کس طرح سجائی جاتی تھیں یہ بھی ماڈلزکی شکل میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

Lahore museum (2)
انہوں نے بتایا کہ اس نمائش اورماڈلزکوسجانے کا مقصد یہ ہے کہ یہاں آنیوالے غیرملکی سمجھ سکیں کہ مسلمان اپنی سب سے اہم عبادت کس طرح اداکرتے ہیں اوراسلامی تہذہب وتمدن اورکلچرکے بارے آگاہی حاصل کرسکیں۔ منتظمین کا کہنا ہے نمائش عید تک جاری رہیگی۔

یاد رہے کہ لاہورمیوزیم میں اس خطے سے جڑے تمام مذاہب کے اہم تہواروں پرنمائش سجائی جاتی ہے، رمضان المبارک کے آغازسے قبل سکھوں کے مذہبی تہواربیساکھی کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیاگیا تھا، اس سے قبل بدھ مت سے متعلق نمائش سجائی گئی اور اب رمضان المبارک میں اسلامی نوادرات کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔