اداکار ارجن رامپال، سونو سود اور نیل نتن بھی کورونا وائرس میں مبتلا

ویب ڈیسک  اتوار 18 اپريل 2021
سب احتیاطی تدابیر اپنائیں کیوں کہ ہم لوگوں کے لئے یہ وقت مشکل ترین ہے، ارجن رامپال۔ فوٹو:فائل

سب احتیاطی تدابیر اپنائیں کیوں کہ ہم لوگوں کے لئے یہ وقت مشکل ترین ہے، ارجن رامپال۔ فوٹو:فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار ارجن رام پال، سونو سود اور نیل نتن مکیش بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

دنیا بھر میں پھیلتی کورونا وباء بھارت میں سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے، یومیہ دو لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ان میں بالی ووڈ فنکار بھی شامل ہیں۔

متعدد فن کاروں کے بعد اب ارجن رامپال، نیل نتن اور سونوسود بھی اس وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ اس ضمن میں ارجن رامپال نے اپنی ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوئی علامات  نہ ہونے کے باوجود میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد سے میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ گزشتہ دس دنوں سے مجھ سے رابطے میں تھے وہ بھی نہ صرف اپنا خیال رکھیں بلکہ احتیاطی تدابیر اپنائیں کیوں کہ ہم لوگوں کے لیے یہ وقت مشکل ترین ہے۔

نیل نتن مکیش نے بھی ٹویٹ میں کہا کہ تمام ضروری احتیاطی تدابیر اور گھر پر رہنے کے باوجود فیملی کے ایک فرد اور مجھے کورونا وائرس ہو گیا ہے۔ اس وقت ہم لوگ قرنطینہ میں ہیں اور ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے احتیابی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں۔

اداکار سونو سود نے بھی اپنے چاہنے والوں کو مطلع کرتے ہوئے کہا کہ میرا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے  خود کو قرنطینہ کرلیا ہے لیکن آپ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ میں ہمیشہ آپ لوگوں کے ساتھ ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔