مظاہرین پرطاقت استعمال کرنا قابل مذمت ہے ،سراج الحق

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  پير 19 اپريل 2021
ابوالخیر زبیر اور مفتی منیب سے رابطہ کرکے آج اجلاس بلا لیا ہے ، پریس کانفرنس

ابوالخیر زبیر اور مفتی منیب سے رابطہ کرکے آج اجلاس بلا لیا ہے ، پریس کانفرنس

 لاہور / نوشہرہ:  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کیطرف سے ایک سیاسی جماعت کے ساتھ کیے معاہدہ پر عملدرآمد نہ کرنے کے بعد پیدا حالات اور جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

وہ منصورہ میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، سراج الحق نے معاہدہ کے مطابق فرانسیسی سفیرکی ملک بدری کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کیخلاف بلاجواز طاقت کے استعمال کی مذمت کی،انھوں نے کہا لاہور کی صورتحال لال مسجد کے واقعہ سے مماثلت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ انہوں نے وزیرداخلہ شیخ رشید اور وزیر دفاع پرویز خٹک سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں عوام کے جذبات سے آگاہ کیا اور رمضان کے مبارک مہینہ میں تشدد اور خونریزی بند کرنے اور معاملہ کو افہام تفہیم سے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے سعد حسین رضوی اور اور دیگر گرفتارافراد کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا، ں۔ سراج الحق نے کہا انہوں نے ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ابولخیر زبیر ، مفتی منیب الرحمن اور دیگر علما سے رابطے کیے ہیں اور اس سلسلہ میں علما ء کا ایک اجلاس پیر کو منصورہ میں بلایا ہے تاکہ افہام و تفہیم سے مسئلہ کا حل نکالا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔