عراق میں امریکی فضائی اڈے پر راکٹ حملے

ویب ڈیسک  پير 19 اپريل 2021
البلد ایئر بیس پر امریکی فوجی مقیم ہیں اور ایک طیارہ بھی موجود ہے، فوٹو : فائل

البلد ایئر بیس پر امریکی فوجی مقیم ہیں اور ایک طیارہ بھی موجود ہے، فوٹو : فائل

 بغداد: عراق کے دارالحکومت میں امریکی فوجیوں کے زیر استعمال ایئر بیس پر نامعلوم مقام سے 5 راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں البلد ایئربیس میں فوجیوں کے رہائشی علاقے میں 2 راکٹس اور 3 راکٹس امریکی کمپنی کی کینٹن پر گرے۔ راکٹس سے فضائی اڈے کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمی ہونے والے افراد میں دو غیر ملکی کنٹریکٹرز اور 3 عراقی فوج کے اہلکار شامل ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اس فضائی اڈے پر فروری میں حملے کیئے گئے تھے۔

یہ خبر پڑھیں : عراق میں امریکی فوجیوں کے زیر استعمال ایئربیس پر راکٹ حملے

امریکی فضائیہ کے کمانڈر نے بھی راکٹ حملے کی تصدیق کی ہے تاہم زخمی ہونے والے اہلکاروں کے نام ظاہر نہیں کیئے گئے ہیں۔ صدر جوبائیڈن کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک امریکی فضائی اڈے پر 20 سے زائد راکٹس داغے گئے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : عراق میں امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملے 

واضح رہے کہ عراق میں امریکی فضائی اڈوں اور فوجی تنصیبات پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور 2019 سے ایسے حملوں میں 2 امریکی فوجی اور 3 عراقی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔