کورونا کیسز بڑھے تو بلوچستان میں عید تک شرح 25 فیصد تک ہوسکتی ہے، لیاقت شاہوانی

ویب ڈیسک  پير 19 اپريل 2021
بلوچستان میں مڈل تک اسکول عید کے چوتھے روز تک بند رہیں گے، لیاقت شاہوانی فوٹو: فائل

بلوچستان میں مڈل تک اسکول عید کے چوتھے روز تک بند رہیں گے، لیاقت شاہوانی فوٹو: فائل

 کوئٹہ: بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں اسی طرح اضافہ ہوا تو عید تک 20 سے 25 فیصد تک کیسز بڑھ سکتے ہیں۔

کوئٹہ میں میڈیا بریفنگ کے دوران لیاقت شاہوانی نے کہا کہ صوبے میں کورونا کی تیسری لہر زیادہ تیزی سے پھل رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز کی پھیلاؤ کی شرح 10 فیصد تک پہنچ گئی۔ اگر کیسز میں اسی طرح اضافہ ہوا تو عید تک 20 سے 25 فیصد تک کیسز بڑھ سکتے ہیں، لوگ خوف کے باعث کورونا کے ٹیسٹ کرانے نہیں آرہے۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ 8 فیصد کیسز میں اضافے کے بعد این سی او سی کے فیصلے کے مطابق اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، بلوچستان میں مڈل تک اسکول عید کے چوتھے روز تک بند رہیں گے، جب سرکاری اسکول بند ہوں گے تو پرائیویٹ اسکول بھی بند ہوں گے۔ پرائیویٹ اسکول مالکان ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے۔ وہ بچوں کی زندگی کے ساتھ نہ کھیلیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کی وبا کے پیش نظر بلوچستان بھر میں ہفتہ اور اتوار کو کاروباری مراکز بند کرنے کا فیصلہ کیاتھا لیکن کئی مارکیٹیں بند نہیں ہوئیں، جس پر انہیں ۔جرمانہ بھی کیا گیا، تاجر برادری سے اپیل ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔