جامشورومیں آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے5 دہشتگرد گرفتار

اسٹاف رپورٹر  پير 19 اپريل 2021
گرفتار دہشت گردوں میں 2 مبینہ خودکش حملہ آوربھی شامل ہیں

گرفتار دہشت گردوں میں 2 مبینہ خودکش حملہ آوربھی شامل ہیں

 کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ اورسندھ رینجرزکےجامشورومیں مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے5 دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا گیا جن میں 2 مبینہ خودکش حملہ آوربھی شامل ہیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد کے مطابق گرفتاردہشت گردوں نے ٹریننگ سینٹرسعید آباد پرخودکش حملہ کرنا تھا جس کے لیے ریکی بھی کررکھی تھی۔

سندھ رینجرزکے کرنل شبیرکے مطابق دہشت گردوں کا سرغنہ سوات آپریشن کے دوران افغانستان فرارہوگیا تھا، پاسپورٹ ریکارڈ کےمطابق دہشت گرد طورخم کے راستے 2 بارپاکستان آچکا تھا۔

گرفتاردہشت گردوں کے قبضے سے2 خودکش جیکٹس،ڈیٹونیٹرز،8 میٹرپرائماکارڈ،6 ہینڈ گرنیڈز،3 ایس ایم جیز،2 نائن ایم ایم پستول، 2 پولیس یونیفارم ،پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کا نقشہ ،موبائل فونزاورسی ڈیز برآمد کر لی گئیں۔

5دہشت گردوں میں شیراز اکبرعرف حمزہ ولد شفیع اکبر، لیاقت علی عرف حذیفہ ولد سرزمین ،میرویس عرف شام عرف تندر ولد عبدالمنان ،عامرخان عرف عمر ولد فضل حق،نگارعلی عرف زید ولدمستونگ خان کوگرفتارکرلیا۔ گرفتار2 دہشت گرد عامرخان عرف عمراورنگارعلی عرف زید خودکش بمبارہیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نے دوران تفتیش کئی کارروائیوں میں ملوث ہونے کااعتراف کیا جس میں 3 فروری 2018 میں کبل سوات میں پاک آرمی کے والی بال میچ کے دوران خود کش حملہ کیا جس میں ایک کیپٹن سمیت 11 جوان شہید ہوئے جبکہ 13 زخمی ہوئے ، 8 مئی 2019 کو لاہورمیں داتا دربار میں حملہ کیا جس میں 10 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے، فروری 2019 کو پشاور میں ججزکالونی میں خود کش حملہ کرنے کی کوشش کی جس کوسیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا،اگست 2019 دیرمیں امن لشکرکے امیر ملک معتبرخان پر خود کش حملہ کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ،جون 2018 کو کارخانو مارکیٹ پشاورمیں عبدالرحیم آفریدی کی دکان پربھتہ نہ دینے پرآئی ای ڈی نصب کی جوپولیس نے ناکام بنادی،اپریل 2018 میں کچلاک بلوچستان میں آرمی اورایف سی کی گاڑیوں پر خود کش حملے جس میں 7 اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔