امریکا میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی تیز رفتار کار کو خوفناک حادثہ، 2 مسافر ہلاک

ویب ڈیسک  پير 19 اپريل 2021
درخت سے ٹکرانے پر کار میں آگ بھڑک اُٹھی تھی، فوٹو: اے ایف پی

درخت سے ٹکرانے پر کار میں آگ بھڑک اُٹھی تھی، فوٹو: اے ایف پی

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں بغیر ڈرائیور کے چلنے والی آٹومیٹک کار تیز رفتاری کے باعث ایک درخت سے ٹکرا کر تباہ ہو گئی جس کے نتیجے  میں پچھلی نشست پر بیٹھے دو مسافر ہلاک ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹیسلا کی جدید اور خودکار کار کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔ بغیر ڈرائیور کے چلنے والی یہ کار ایک درخت سے ٹکراگئی۔

معروف کمپنی ٹیسلا کی 2019 کے ماڈل کار اتنی تیز رفتار تھی کہ درخت سے ٹکراتے ہی گاڑی میں آگ بھڑک اُٹھی اور پچھلی نشست پر بیٹھے دونوں مسافر جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 59 اور 60 سال ہے۔

جائے وقوعہ پر سب سے پہلے پہنچنے والے کانسٹبل مارک ہرمن نے بتایا کہ ڈرائیونگ نشست پر کوئی موجود نہیں تھا۔ نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے گزشتہ ماہ ہی ٹیسلا کی دو درجن کار حادثوں کی تفتیش کا آغاز کیا ہے۔

واضح رہے کہ بجلی سے چلنے والی خودکار گاڑیوں کے حادثے کی بڑی وجہ بیٹریاں ہے جن کی وجہ سے حادثے کی صورت میں آگ تیزی سے پھیلتی اور اسے بجھانے میں کافی پانی درکار ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔