سعودی عرب میں بارش اور برف باری سے موسم خوشگوار

ویب ڈیسک  پير 19 اپريل 2021
پہاڑوں اور نخلستان نے برف کی چادر اوڑھ لی، فوٹو: ٹوئٹر

پہاڑوں اور نخلستان نے برف کی چادر اوڑھ لی، فوٹو: ٹوئٹر

ریاض: سعودی عرب کے کئی علاقوں میں مسلسل ہونے والی بارش سے سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی جب کہ حائل اور عسیر کے پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ لی۔

العربیہ اردو کے مطابق سعودی عرب میں مکہ مکرمہ، خمیس مشیط، تنومہ اور النماص سمیت متعدد علاقوں میں بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ العقیق سمیت کچھ شہروں میں زیادہ بارشوں کے باعث سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔

دوسری جانب حائل شہر اور عسیر ریجن میں برف باری کے بعد پہاڑوں اور نخلستانوں نے موٹی سفید چادر اوڑھ لی۔ سوشل میڈیا پر سعودی شہریوں کی جانب سے شیئر کی گئیں تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حائل میں واقع بحرہ بنی رشید کے پہاڑوں پر برف کی موٹی تہ جمی ہوئی ہے۔

بنی رشید کے پہاڑوں میں سعودی عرب کے سب سے بڑے آتش فشاں ہیں۔ ماہ صیام کے مبارک مہینے میں خوشگوار موسم سے شہری لطف اندوز ہوئے۔ کورونا وبا کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب شہری گھروں سے نکلے اور حسین موسم کا لطف اُٹھایا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔