حکومت ایک ایک کرکے اپنا تھوکا چاٹے گی، رانا ثناءاللہ

ویب ڈیسک  منگل 20 اپريل 2021
پی ٹی آئی حکومت نے ایک دن میں دس ماڈل ٹاؤن برپا کردیے، رہنما ن لیگ

پی ٹی آئی حکومت نے ایک دن میں دس ماڈل ٹاؤن برپا کردیے، رہنما ن لیگ

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایک دن میں دس ماڈل ٹاؤن برپا کر دیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا حکومت نے ایک دن میں دس ماڈل ٹاؤن برپا کر دیے، عمران خان حواس باختہ انسان ہیں، انہوں نے حواس باختہ ہوکر قوم سے خطاب کیا۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ریاست کا ستیاناس کر دیا گیا ہے، آپ بھی 226 دن بیٹھے رہے، یتیم خانے چوک پربھی انھیں دو ماہ بیٹھا رہنے دیتے، یہ خود سڑکیں بلاک کرتے رہے ہیں، ایسی تقاریر کرتے رہے ہیں، لیکن ان کے خلاف کسی نے طاقت کا استعمال نہیں کیا تھا۔

رانا ثنا اللہ نے سوال اٹھایا کہ فرانس کے سفیر کو نکالنے کے وعدے کا معاملہ 5 ماہ میں پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائے، آپ معاملہ پارلیمنٹ میں لےآتےتو پارلیمنٹ تحریک لبیک کے لوگوں سے بات کرتی،سمجھانے والی بات سمجھائی جاتی۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ 20 اپریل کو معاہدہ ختم ہورہا تھا، تحریک لبیک کے سربراہ کو اس سے پہلے کیوں گرفتار کیا، آپ معاہدہ ختم ہونے سے 10 دن پہلے ان پر چڑھ دوڑے، گرفتاریاں شروع کردیں، اپوزیشن کو اعتماد میں لیے بغیر اتنا بڑا قدم اٹھایا گیا، یہ اپنا تھوکا ایک ایک کرکے چاٹیں گے، انہوں نے ریاست کی رٹ کو بالکل فارغ کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔