سینئر صحافی ابصار عالم قاتلانہ حملے میں زخمی

ویب ڈیسک  منگل 20 اپريل 2021
ابصار عالم کے پیٹ میں گولی لگی ہے، (فوٹو: فائل)

ابصار عالم کے پیٹ میں گولی لگی ہے، (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: اسلام آباد میں سینئر صحافی اور سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کردی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ابصارعالم ایف الیون ٹو کے پارک میں افطاری سے پہلے واک کررہے تھے کہ نامعلوم فرد نے ان گولی چلا دی۔  سینئرصحافی کو اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

اس واقعے کے بارے میں ابصار عالم کا کہنا ہے کہ میں پارک میں چہل قدمی کر رہا تھا کہ ایک نامعلوم شخص مجھ پر فائرنگ کر کے فرار ہوگیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سابق چیئر مین پیمرا ابصار عالم پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ شیخ رشید نے آئی جی اسلام آباد کو فون کرکے فائرنگ میں ملوث شخص کی جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ابصار عالم پر فائرنگ کرنے والے قانون سے بچ نہیں سکیں گےاور بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے اپنی ٹویٹ میں ‏ابصار عالم پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو واقعے کی فوری تحقیقات کا کہہ دیا ہے جوں ہی تفصیلات سامنے آئیں گی انہیں میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔