کالعدم تحریک لبیک کا لاہور دھرنا ختم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک / اسٹاف رپورٹر  منگل 20 اپريل 2021
حکومت نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرکے وعدہ پورا کیا، دیگر معاملات میں بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے، ٹی ایل پی شوریٰ (فوٹو : فائل)

حکومت نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرکے وعدہ پورا کیا، دیگر معاملات میں بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے، ٹی ایل پی شوریٰ (فوٹو : فائل)

 لاہور: قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے پر کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے لاہور کے مرکزی دھرنے سمیت ملک بھر میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کرنے پر تحریک لبیک نے لاہور کے مرکزی دھرنے کو بھی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

قبل ازیں رات گئے ٹی ایل پی نے ملک بھر کے دھرنے ختم کرکے صرف لاہور کا دھرنا جاری رکھنے کا کہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : قومی اسمبلی اجلاس؛ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرارداد جمعہ تک مؤخر

دھرنا ختم کرنے کا اعلان کالعدم تنظیم کے رہنما شفیق امینی اور شوریٰ کے دیگر ارکان نے کیا۔ شفیق امینی نے کہا کہ حکومت نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرکے وعدہ پورا کیا جب کہ دیگر معاملات میں بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

علامہ ڈاکٹر شفیق امینی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فرانس کے سفیر کی ملک بدری سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی گئی، اس قرارداد پر جو بحث ہوئی ہے یہ اللہ پاک کا کرم ہے، اللہ پاک نے اس قوم کو تحریک لبیک کی صورت میں ایک تحفہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا اس پرعمل ہوچکا ہے لہذا اب مرکزی دھرنے سمیت ملک بھر میں جہاں بھی احتجاج ہورہا ہے اسے ختم کردیا گیا ہے، دیگرمعاملات بارے بھی مثبت پیش رفت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان پرامن رہیں، تمام مرکزی قائدین صورت حال کودیکھ رہے ہیں، سوشل میڈیا پربعض عناصراس کامیابی کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں، تمام خبریں اوراطلاعات مرکزی شوری کی طرف سے جاری ہوں گی، یہ بہت بڑی کامیابی ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں ناموس رسالت کی آواز گونجی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت سے مذاکرات؛ تحریک لبیک کا لاہور دھرنے کے سوا احتجاج ختم کرنے کا اعلان

دریں اثنا حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد اب سربراہ ٹی ایل پی حافظ سعد رضوی کو جلد ہی رہا کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔