سوشانت سنگھ کی زندگی پر بننے والی فلم پرپابندی کا مطالبہ

ویب ڈیسک  منگل 20 اپريل 2021
فلم ساز آریا ببر نے گزشتہ سال اگست میں آنجہانی اداکار کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھاأ(فوٹو: فائل)

فلم ساز آریا ببر نے گزشتہ سال اگست میں آنجہانی اداکار کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھاأ(فوٹو: فائل)

نئی دہلی: دہلی کی عدالت نے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی زندگی پر فلم بنانے والے پروڈیوسر کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

جج منوج کمار اوہری نے فلم ساز آریا ببر کو 24 مئی کوعدالت طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے یہ نوٹس سوشانت سنگھ راجپوت کے والد کرشنا کشور سنگھ کی درخواست پر جاری کیےا ہے جنہوں نے اپنے بیٹے کی زندگی پر بننے والی فلم پر پابندی کے لیے دہلی ہائی کورٹ میں کیس دائر کردیا ہے۔

عدالت میں دائر مقدمے میں آنجہانی اداکار کے والد نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے بیٹے کی زندگی پر بننے والی فلم ‘Nyay: The Justice’, ‘Suicide or Murder: A star was lost’, میں فلم سازموقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے درپردہ حاصل مواقع کو کیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مدعی کا کہنا ہے کہ کھیل، فلمز، ویب سیریز، کتابوں اور انٹرویوز میں میرے خاندان اور بیٹے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

کرشنا کشور نے درج بالا فلم کے فلم ساز پر سوشانت سنگھ  کی ساکھ کو نقصان پہنچانے، دماغی دباؤ اور ہراسمنٹ پر 2 کروڑ روپے ہرجانے کا دعوی بھی کیا ہے۔ کیس میں دعوی کیا گیا ہے کہ اس نوعیت کی کسی ویب سیریز، کتاب یا  کسی اور مواد کو شائع یا نشر کیا گیا تو یہ متوفی اور متاثرین کے حق کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا۔ جب کہ آنجہانی اداکار کے نام، تصویر کا غلط استعمال، مُضَحکَہ خیز تَصوير، ڈائیلاگ کی ادائیگی بھی شخصی حقوق کی خلاف ورزی سمجھی جائے گی۔

یاد رہے کہ بھارتی فلم ساز آریا ببر نے گزشتہ سال اگست میں آنجہانی اداکار کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا، فلم کی عکس بندی مکمل ہوچکی ہے اور رواں سال جون میں اسے ریلیز کیا جانا ہے۔  کیس کی سماعت 24 مئی کو دہلی ہائی کورٹ میں ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔