اداکاروں نے ڈرامے دوبارہ نشر کرنے پر رائلٹی کا مطالبہ کردیا

اصغر سلیمی  بدھ 21 اپريل 2021
فن کار تو پنشن اور گریجویٹی جیسے فوائد سے بھی محروم ہیں، فیصل قریشی (فوٹو : ایکسپریس)

فن کار تو پنشن اور گریجویٹی جیسے فوائد سے بھی محروم ہیں، فیصل قریشی (فوٹو : ایکسپریس)

 لاہور: شوبز ستاروں نے دوبارہ نشر کیے جانے والے ڈراموں پر رائلٹی کا مطالبہ کر دیا، فن کاروں کا کہنا ہے کہ ہم کسی سے بھیک نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔

ایکسپریس کے مطابق سوشل میڈیا پر رائلٹی فراہم کیے جانے کی بحث کا آغاز کینسر سے جنگ لڑتی اداکارہ نائلہ جعفری کےاس موضوع پر توجہ دلانے کے بعد ہوا۔

نائلہ جعفری کی حمایت میں عائشہ عمر، فیصل قریشی اور یاسر حسین سمیت انڈسٹری کے متعدد فن کاروں نے اپنے حقوق کے لیے سوشل میڈیا پر آواز بلند کی۔ فن کاروں کا کہنا ہے کہ ہم ہر کسی کے غم و خوشی میں شریک ہوتے ہیں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ حکومت نے ابھی تک شوبز انڈسٹری کو تسلیم ہی نہیں کیا۔

اداکاراحمد بٹ نے کہا کہ کتنے ایسے فنکار ہیں جو کسپمرسی میں دنیا سے رخصت ہوگئے اور جو زندہ ہیں ان میں سے بھی بیشتر کے مالی حالات بہت برے ہیں۔

فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ فنکاروں کو ہی دوسروں سے مدد مانگنے کی ضرورت کیوں پڑتی ہے؟ ہم سارا سال سخت محنت کرتے ہیں، ہر انسان کا کام کرنے کا ایک وقت ہوتا ہے پھر ایک دور وہ بھی آتا ہے جب وہ پہلے کی طرح کام نہیں کر سکتا، انسان ساری زندگی جو کام کرتا ہے اس سے اسے پنشن یا دوسری مد میں فائدہ ہوتا ہے ہم تو اس سے بھی محروم ہیں۔

عمیر رانا  نے کہا کہ کتنے ایسے فنکار ہیں جو کسمپرسی کی حالت میں یہاں سے چلے گئے،عینک والا جن کی بل بتوڑی سب کو یاد ہوگی، نصرت علی کے ساتھ کیا ہوا سب کو معلوم ہے، پٹھانے خان کے ساتھ کیا ہوا، فنکاروں کی بہتری کا حل یہی ہے کہ انہیں دوبارہ نشر ہونے والے ڈراموں پر رائلٹی دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔