پاکستانی اوربھارتی سکھ برادری کا بھارتی حکومت سے کرتارپور راہداری کھولنے کا مطالبہ

آصف محمود  بدھ 21 اپريل 2021
راہداری 72 برسوں کی دعاؤں کے بعد کھولی گئی لیکن بھارت نے اسے دوبارہ بندکردیا،سکھ برادری فوٹو: ایکسپریس

راہداری 72 برسوں کی دعاؤں کے بعد کھولی گئی لیکن بھارت نے اسے دوبارہ بندکردیا،سکھ برادری فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: پاکستانی اوربھارتی سکھوں نے مشترکہ طور پر بھارتی حکومت سے کرتارپور راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وساکھی میلہ منانے پاکستان آئے سکھ یاتریوں نے گوردوارہ دربارصاحب کرتارپورسے پاک بھارت زیرولائن تک نگرکیرتن کیا اور پالکی صاحب کا جلوس نکالا گیا،جس میں پاکستانی سکھ سنگتوں سمیت بھارت سے آئے سکھوں کے پانچ پیارے ودیگرمہمان شریک ہوئے۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردارستونت سنگھ،سیکرٹری سردارامیرسنگھ، گوردوارہ دربارصاحب کے ہیڈ گرنتھی سرداراورمسلم لیگ ن کے ایم پی اے سرداررمیش سنگھ اروڑھ نے بھی نگرکیرتن میں شرکت کی۔

پاکستانی اوربھارتی سکھوں نے زیرولائن کے قریب کھڑے ہوکرارداس بھی کی اور بھارتی حکومت سے کرتارپورراہداری کھولنے کا مطالبہ کیا، سکھوں کا کہنا ہے یہ راہداری بہترسالوں کی دعاؤں کے بعد کھولی گئی تھی لیکن بھارت نے اسے دوبارہ بندکردیا ہے، کرتارپور راہداری دونوں ہمسایہ ملکوں میں امن کے فروغ میں اہم کرداراداکرسکتی ہے یہ امن کی راہداری ہے۔

سکھ یاتری گزشتہ شام کرتارپورصاحب سے لاہورپہنچ گئے ،بھارتی مہمان آج کا دن بھی لاہورمیں ہی گزاریں گے اوراپنے پیاروں کے لئے تحفے تحائف خریدیں گے۔بھارتی مہمانوں کو دیسی گھی،سوجی اورچینی سے تیارکیا گیا پنی پرشاد بھی دیاجائیگا۔ بھارتی سکھ یاتری کل 22 اپریل جمعرات کے روز واہگہ کے راستے واپس لوٹ جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔