گوجرانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک ملزم عاطی لاہوریا ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 21 اپريل 2021
عاطی لاہوریا کو چند روز قبل ہنگری سے گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا تھا

عاطی لاہوریا کو چند روز قبل ہنگری سے گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا تھا

گوجرانوالہ: علی پور چھٹہ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک دہشت گرد عاطی لاہوریا ہلاک ہوگیا۔

پولیس نے ہلاک ملزم کے ساتھیوں کے خلاف تھانہ علی پور چھٹہ میں پولیس پارٹی پر حملہ آور ہونے، ملزم کو چھڑانے کی کوشش کرنے اور فائرنگ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق پولیس ملزم عاطی لاہوریا کو اسلحہ کی برآمدگی کے لیے لیجا رہی تھی کہ ملزمان نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ موٹرسائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم ملزمان خطرناک ملزم عاطی لاہور یا کو چھڑا کر لے گئے تھے۔

ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ملزم عاطی لاہوریا پولیس کو قتل،ڈکیتی بھتہ اور دیگر متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا اور سی آئی اے پولیس ملزم کو چند روز قبل ہنگری سے گرفتار کر کے پاکستان لائی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔