ٹریفک پولیس کے سپاہی نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کردی

ویب ڈیسک  جمعرات 22 اپريل 2021
 سپاہی علی مراد نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی ہے۔(فوٹو:فائل)

 سپاہی علی مراد نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی ہے۔(فوٹو:فائل)

 کراچی:  ٹریفک پولیس کے سپاہی نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی، پیسوں سے بھرا پرس اس کے مالک تک پہنچا دیا۔

ٹریفک پولیس کے سپاہی نے بیس ہزار روپے سے زائد کی رقم شہری کو لوٹادی، شہری نے نہ صرف پولیس اہلکار کا شکریہ ادا کیا، بلکہ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی وائرل کردی۔

تفصیلات کے مطابق سخی حسن کے قریب ٹریفک پولیس کے اہلکار علی مراد کو ایک پیسوں سے بھرا پرس ملا، جوکہ اس نے امانت کے طور پر رکھ لیا، چند گھنٹوں بعد چند نوجوان اسے سڑک پر کچھ ڈھونڈتے ہوئے دکھائی دیے جس پر اس نے ان سے معلوم کیا تو انھوں نے بتایا کہ کچھ دیر پہلے وہ اس سڑک سے گزرے تھے تو ان میں سے ایک کا والٹ گرگیا تھا

سپاہی علی مراد نے نوجوان سے پرس کے متعلق تصدیق کی  اور بعد ازاں انہیں چوکی پرلے گیا اورسیکشن آفیسر (ایس او) کی موجودگی میں والٹ ان کے حوالے کردیا۔ نوجوان نے جب والٹ کھول کر دیکھا تو اس میں پوری رقم موجود تھی۔

نوجوان نے سپاہی علی مراد سمیت چوکی پر موجود تمام ٹریفک پولیس اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ساتھ اس واقعے کی ویڈیو بھی بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ، نوجوان کا کہنا تھا کہ سپاہی علی مراد نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی ہے، ایسے سپاہی محکمہ پولیس کے ماتھے پر جھومر ہیں، ایسے سپاہیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ویب

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔