آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈر کے 2 کھلاڑی کورونا کا شکار، آج کا میچ ملتوی

محمد یوسف انجم  پير 3 مئ 2021
کولکتہ نائٹ رائیڈر کا حصہ ورون چکرورتی اور سندیپ وارئر کورونا کیسز سے متاثر ہوئےہیں۔

کولکتہ نائٹ رائیڈر کا حصہ ورون چکرورتی اور سندیپ وارئر کورونا کیسز سے متاثر ہوئےہیں۔

بھارتی پریمیر لیگ میں آسٹریلوی پیسر پیٹ کمنز کے ساتھی کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نشاندہی کے بعد آج ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا ہے۔

آج کولکتہ نائٹ رائیڈر اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان میچ شیڈول تھا۔ آسٹریلوی میڈیا نے رپورٹ کیاہے کہ کولکتہ نائٹ رائیڈر کا حصہ ورون چکرورتی اور سندیپ وارئر کورونا کیسز سے متاثر ہوئےہیں۔ جن کو فوری طورپر آئسولیٹ کردیا گیاہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی فاسٹ بولربھارت میں کورونا مریضوں کی مدد کیلیے سامنے آگئے

بھارت میں ریکارڈ تعداد میں کورونا کیسز کی تعداد سامنے آرہی ہے لیکن منتظمین بڑی ڈھٹائی کے ساتھ لیگ میچز کروانےپر تلےہوئے ہیں،اس میں شامل کرکٹرز ڈالرز کےلالچ میں کھیلنے میں مصروف ہیں، انہیں بھی اس حوالے سے خاصی تنقید کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا چارٹرڈ فلائیٹ کے انتظام سے انکار

دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے فوری طورپر چارٹرڈ فلائیٹ کے انتظام سے انکار کردیا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف نک ہوکلے کا کہناہے کہ کھلاڑیوں کی صحت اور ان کی بحفاظت واپسی کی فکر ہے، اس حوالے سے ہم بھارتی کرکٹ بورڈ، اپنے کرکٹرز اور ایسوسی ایشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔فوری طورپر ایسے انتظامات ممکن نہیں جس سے کھلاڑیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا جاسکے۔

گزشتہ ہفتے ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن پابندیوں کے اعلان سے پہلے اپنے انتظامات کرکے کمرشل فلائٹ کے ذریعے لوٹے ہیں۔ اب حکومت نے پندرہ مئی تک بھارت سے انےو الی تمام فلائٹس پرپابندی عائد کررکھی ہے اور ساتھ پانچ سال جیل کابھی عندیہ دیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کےچیف نے کہا کہ یہ کھلاڑی اپنی مرضی سےآئی پی ایل کھیلنے گئے ہیں،یہ اس وقت قومی ڈیوٹی پر نہیں، بھارت کرکٹ بورڈ سے بات چیت ہوئی ہے،انہوں نے واضح کیا ہےکہ میچز کے لیے بہترین بائیو سکیور ببل کے انتظامات ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔