یہودی آباد کار کا فلسطینی لڑکی کے گھر پر قبضہ، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  منگل 4 مئ 2021
یہودی آباد کار تیزی سے فلسطینیوں کے گھروں پر قابض ہورہے ہیں، فوٹو: فائل

یہودی آباد کار تیزی سے فلسطینیوں کے گھروں پر قابض ہورہے ہیں، فوٹو: فائل

 غزہ: فلسطینی سر زمین پر یہودی آباد کاری کا سلسلہ جاری ہے اور ایسے ہی ایک واقعے میں قابض یہودی کی فلسطینی لڑکی سے ہونے والے مکالمے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہودی شخص ویڈیو بنانے والی لڑکی کو مخاطب کرکے کہتا ہے کہ اگر میں تمہارے گھر پر قبضہ نہیں کرتا تو کوئی اور کرلیتا۔


یہ ویڈیو معروف فلسینی سماجی کارکن تمر مقلدہ نے شیئر کی جب کہ اسرائیلی آباد کار 22 سالہ مونا نامی لڑکی سے گفتگو کر رہا ہے۔ مونا یہودی شخص کو اس کے آبائی گھر پر قبضہ کرنے سے منع کرتے ہوئی کہتی ہے کہ تم جانتے ہو کہ یہ تمہارا گھر نہیں ہے۔

جواب میں اسرائیلی شخص ڈھٹائی سے کہتا ہے کہ ہاں لیکن اگر میں نہیں کروں گا تو اس گھر پر کوئی اور قبضہ کرلے گا اس لیے بہتر ہے تم خاموش رہو۔

واضح رہے کہ چند برسوں سے  اسرائیلی حکومت نے فلسطین میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زمین کے اصل حقدار فلسطینیوں کو نکال کر تیزی سے یہودیوں کو بسانے کا عمل شروع کردیا ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔