وزیراعلی بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلیے حکومتی ارکان متحرک

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 مئ 2021
افطارعشایئے میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔

افطارعشایئے میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔

 اسلام آباد: اسلام آباد میں آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کی جانب سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کے اعزاز میں افطار ڈنردیا گیا۔

افطارعشائیے میں بلوچستان کی موجودہ صورت حال، بلوچستان کے حل طلب مسائل اور دیگر باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال کے خلاف مختلف ارکان کے تحفظات پر بھی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر بلوچستان عبدالقدوس بزنخو اوربلوچستان عوامی پارٹی کے بعض ارکان بھی جام کمال سے ناراض ہیں، جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی اراکین اسمبلی بھی وزیراعلی جام کمال پر عدم اطمینان کا اظہار کرچکے ہیں، اور انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں وزیر اعلی بلوچستان کے خلاف شکایات کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ارکان وزیراعلی بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد  لانے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں اور افطارعشایئے میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔

یاد رہے کہ حکومتی اتحادی وآزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے 2018 کے انتخابات میں جام کمال کو شکست دی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔