اداکارہ شلپا شیٹھی کا گھرانہ بھی کورونا میں مبتلا

ویب ڈیسک  جمعـء 7 مئ 2021
شلپا شیٹھی کے شوہر، بچے، ساس سسر اور ماں کا کورونا ٹیسٹ مثبت تاہم اداکارہ کا ٹیسٹ منفی آیا

شلپا شیٹھی کے شوہر، بچے، ساس سسر اور ماں کا کورونا ٹیسٹ مثبت تاہم اداکارہ کا ٹیسٹ منفی آیا

 ممبئی: اداکارہ شلپا شیٹھی کا پورا گھرانہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگیا تاہم خود اداکارہ کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

بھارت میں اس وقت کورونا وائرس کی بدترین صورتحال ہے، روزانہ کی بنیاد پر 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں بھی دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے، آج بھی 4 ہزار کے قریب لوگ کورونا سے ہلاک ہوئے جب کہ شوبز سے وابستہ شخصیات بھی اس وبا سے شدید متاثر ہوئی ہیں۔

چند روز قبل بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ دپیکا پڈوکون اور ان کی پوری فیملی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئی تھی جب کہ آج خبر سامنے آئی ہے کہ اداکارہ شلپا شیٹھی کا گھرانہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔

فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اداکارہ شلپا شیٹھی نے لکھا ’’گزشتہ 10 روز ہمارے خاندان کے لیے بہت مشکل ثابت ہوئے ہیں، میرے ساس سسر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد میرے بچوں، شوہر راج اور میری ماں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یہ تمام افراد اپنے اپنے کمروں میں قرنطینہ ہوگئے ہیں اور حکومت کی جانب سے دی گئی تمام گائیڈلائنز کو فالو کررہے ہیں اور ساتھ ہی ڈاکٹرز کے مشوروں پر بھی عمل کیا جارہا ہے۔

شلپا شیٹھی نے مزید کہا کہ ہمارے اسٹاف میں شامل 2 لوگوں کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے اور ان کو بھی تمام طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاہم میرا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے، آپ سب کی نیک خواہشات کا شکریہ۔ اداکارہ نے آخر میں لوگوں سے ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی بھی اپیل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔