اب دنیا کی بہترین چاکلیٹ بھی تھری ڈی پرنٹرسے بنائیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 مئ 2021
تصویر میں دکھائی دینے والا پرنٹر اب آپ کے گھر میں چاکلیٹ فیکٹری کا متبادل بن سکتا ہے۔ فوٹو: چوک میٹ کمپنی

تصویر میں دکھائی دینے والا پرنٹر اب آپ کے گھر میں چاکلیٹ فیکٹری کا متبادل بن سکتا ہے۔ فوٹو: چوک میٹ کمپنی

 لندن: تھری ڈی پرنٹر کی آمد سے مصنوعات سازی کا انقلاب آگیا ہے اور اب چوک میٹ ٹو نامی تھری ڈی پرنٹر سے آپ گھر بیٹھے عین کارخانوں میں تیار کردہ چاکلیٹ بناکر اس سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

چوک میٹ ٹو آپ کو بنے بنائے ڈیزائن بھی فراہم کرتا ہے جن کی بدولت آپ اپنے خوبصورت انداز میں تیارکردہ چاکلیٹ سے لوگوں کو حیران کرسکتےہیں۔ چوک میٹ ٹو بنانے والے کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنی مشین پر غیرمعمولی محنت کی ہے اور اب وہ بہت نفاست اور باریکی سے ڈیزائن بناسکتی ہے۔

یہ مشین سفید، ڈارک، دودھ والی اور شوگرفری چاکلیٹ بھی بناسکتی ہے۔ انتہائی ہموار اور خوبصورت انداز میں اس سے چاکلیٹ کے بہترین نمونے بنائے جاسکتے ہیں۔ کمپنی نے کہا ہے کہ بار بار ان کے نئے پرنٹر خریدنے کی ضرورت نہیں رہتی بس ایک مرتبہ خریدی گئی مشین کو کئی مرتبہ اپ گریڈ کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح چوک میٹ ٹو ماحول دوست ہے اور جیب پر بھی ہلکا رہتا ہے۔

کمپنی سوئزرلینڈ کی تیارکردہ چاکلیٹ اسٹکس بطور خام مال فراہم کرتی ہے۔ اسے استعمال کے لحاظ سے اس میں مختلف اشیا کا اضافہ کرسکتے ہیں۔ لیکن یہ مشین تہہ در تہہ چاکلیٹ سازی کرتی ہے اور ایک سینٹی میٹر پرت بنانے میں 15 سے 20 منٹ لگتے ہیں۔ اس طرح ایک گھنٹے میں چھوٹی چاکلیٹ کے 30 ٹکڑے تیار کئے جاسکتے ہیں۔

لیکن چاکلیٹ چھاپنے سے پہلے تمام ہدایات کا پڑھنا اور جاننا ضروری ہے۔ کمپیوٹرایڈڈ ڈیزائن (کیڈ) کی بدولت آپ کئی ڈیزائن اور اشکال کی چاکلیٹ بناسکتےہیں۔ ان میں حروف، الفاظ اور ڈیزائن شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔