وفاقی کابینہ نے صحافیوں کے تحفظ کے بل کی منظوری دیدی

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 8 مئ 2021
کسی دھمکی،تشددکی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کا بندوسبست کیا گیا ہے۔ فوٹو:فائل

کسی دھمکی،تشددکی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کا بندوسبست کیا گیا ہے۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد:  وفاقی کابینہ نے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیاپروفیشنلزبل 2021 ء کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے 5حصوں پرمشتمل بل میں صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے حقوق تجویز کیے گئے ہیں، بل کے تحت صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو اپنے ذرائع خفیہ رکھنے کا حق حاصل ہوگا، وہ ملک کے اندر متنازع متاثرہ علاقوں میں اپنے فرائض  بغیر کسی خوف، خطرہ، دھمکی، ہراسگی یا ظلم کے انجام دے سکیں گے۔

حکومت صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو کسی بھی شخص، ادارے(سرکاری یا نجی) یا اتھارٹی کے ہاتھوں ہر طرح کی زیادتی، تشدد، استحصال سے محفوظ رکھنے کیلیے اقدامات کرے گی۔ اس بل کا مقصد جرنلسٹس ویلفیئر سکیم کا آغاز کرنا ہے جس کے تحت میڈیا مالکان صحافی اور میڈیا پروفیشنلز کے لئے ایک جامع، تحریری سیفٹی پالیسی اور پروٹوکولز تیار کرنا ہے۔

اس بل میں صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے لئے کمیشن کے قیام کا بندوسبست کیا گیا ہے جس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نیشنل پریس کلب، وزارت انسانی حقوق اور وزارت اطلاعات و نشریات سے نمائندے شامل ہوں گے۔

یہ بل کمیشن کو اختیار دیتا ہے کہ وہ صحافیوں کو دھمکی، پرتشدد کارروائیوں، قتل، پرتشدد حملوں، بلا وجہ گرفتاری، نظربندی اور ہراسگی کی شکایات کی تحقیقات کرے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔