این اے 249؛ ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری، مندوخیل کو برتری حاصل

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 8 مئ 2021
276 پولنگ اسٹیشنز میں سے دو روز کے دوران 141 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ دوبارہ گن لیے گئے۔ فوٹو : فائل

276 پولنگ اسٹیشنز میں سے دو روز کے دوران 141 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ دوبارہ گن لیے گئے۔ فوٹو : فائل

 کراچی: این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کو اب بھی برتری حاصل ہے۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی گنتی دوسرے روز جمعہ کو بھی جاری رہی، پہلے دن 60 اور دوسرے دن 81 پولنگ اسٹیشنز میں ڈالے گئے ووٹوں کا دوبارہ شمار کیا گیا۔ اس طرح 276 پولنگ اسٹیشنز میں سے دو روز کے دوران 141 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ دوبارہ گن لیے گئے۔

مجموعی طور پر اب تک 7 امیدواروں کے 2345 ووٹ کم ہوگئے جس سے پولنگ اسٹیشنز میں تعینات انتخابی عملے کی اہلیت پر سوال اٹھ گئے ہیں،اب تک کی گنتی میں درخواست گزار نون لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل کے ووٹ سب سے زیادہ کم ہوئے، پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل اب بھی آگے ہیں بلکہ دونوں امیدواروں کے درمیان ہار اور جیت کا فرق بھی بڑھ گیا ہے۔

140 پولنگ اسٹیشنز کی گنتی کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کے 346 ووٹ اور مفتاح اسماعیل کے 536 ووٹ کم ہوگئے جبکہ کالعدم ٹی ایل پی امیدوار نزیر احمد کے 400 ووٹ، پی ایس پی امیدوار مصطفی کمال کے 360 ووٹ، پی ٹی آئی امیدوار امجد اقبال آفریدی کے 114 ووٹ، ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار حافظ محمد مرسلین کے 402 ووٹ اور آزاد امیدوار احمد کے 187 ووٹ کم ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔