کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروباری سرگرمیوں کا آخری دن

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 مئ 2021
آج تمام کاروباری سرگرمیوں کو صبح 6 سے شام 6 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہے۔ فوٹو:فائل

آج تمام کاروباری سرگرمیوں کو صبح 6 سے شام 6 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہے۔ فوٹو:فائل

کراچی: سندھ کے عوام کے پاس عید شاپنگ کے لئے چند گھنٹے سے بھی کم کا وقت رہ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سمیت سندھ  بھر میں کاروباری سرگرمیوں کا آج آخری روز ہے، اورعوام کے پاس آج عید شاپنگ کے لئے بس چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، آج تمام کاروباری سرگرمیوں کو صبح 6 سے شام 6 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہے، اور اس کے بعد 8 روز کی بندش شروع ہوجائے گی۔

صوبہ سندھ میں کورونا ایس اوپیز کے تحت نئی پابندیاں کل سے 16 مئی تک نافذ ہوں گی، کل سے عید بازار، چاند رات پر لگائے جانے والے تمام بازاروں پر پابندی ہوگی، 16 مئی تک صرف ضروری کاروباری سرگرمیوں کو صبح 5 سے شام 7 بجے تک اجازت ہوگی، تاہم اشیائے خورونوش، میٹ و چکن شاپس، ڈیری شاپس، بیکریز، فارماسیز، پیٹرول پمپس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

سندھ بھر میں تمام سیاحتی تفریحی مقامات عید تعطیلات کے دوران بند رہیں گے، ریسٹورینٹس کے اندر اور باہر بیٹھ کر کھانے پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، ریسٹورنٹس پر ٹیک اوے کی اجازت شام 7 بجے تک ہوگی، شام 7 بجے کے بعد ریسٹورنٹس پر صرف ہوم ڈیلیوری یا ڈرائیو تھرو کی اجازت ہوگی۔

صوبے میں انٹر سٹی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ 16مئی تک بند رہیں گی، نجی گاڑیوں، ٹیکسی، رکشے میں نصف نشستیں خالی رکھنا ہوں گی، ایس اوپیز کے بغیر سفر پر پابندی ہوگی، شہریوں کے لئے ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے،جب کہ زیادہ رش والے علاقوں میں جانے سے گریز کیے جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔