دنیا کا ’بدقسمت ترین‘ پرندہ، انسٹاگرام پر ’پسندیدہ ترین‘ بن گیا

ویب ڈیسک  اتوار 9 مئ 2021
فراگ ماؤتھ نامی اس عجیب و غریب پرندے کو انسٹاگرام پر سب سے زیادہ لائکس اور کمنٹس ملے ہیں۔ (تصاویر: انٹرنیٹ/ سوشل میڈیا)

فراگ ماؤتھ نامی اس عجیب و غریب پرندے کو انسٹاگرام پر سب سے زیادہ لائکس اور کمنٹس ملے ہیں۔ (تصاویر: انٹرنیٹ/ سوشل میڈیا)

کینبرا: آسٹریلوی پرندوں کا یہ خاندان اپنی عجیب و غریب شکل و شباہت کی بناء پر ’فراگ ماؤتھ‘ (مینڈک جیسے منہ والا) کہلاتا ہے جسے سائنسدانوں نے انسٹاگرام کا ’مقبول ترین‘ پرندہ قرار دیا ہے۔

اس خاندان سے تعلق رکھنے والے پرندوں کا شمار دنیا کے سب سے بدصورت پرندوں میں کیا جاتا ہے جبکہ 2004 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں ’فراگ ماؤتھ‘ کو ’دنیا کا سب سے بدقسمت دکھائی دینے والا پرندہ‘ بھی قرار دیا گیا تھا۔

لیکن سوشل میڈیا پر جانوروں کی تصاویر کے حوالے سے ہونے والی ایک تازہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ پرندوں کا یہی خاندان انسٹاگرام پر سب سے زیادہ پسندیدہ بھی ہے۔

تاہم اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ فراگ ماؤتھ کی زیادہ تصویریں انسٹاگرام پر اپ لوڈ کی گئی ہیں، بلکہ پرندوں کی 27 ہزار میں سے صرف 65 تصویریں ان پرندوں کی ہیں۔

البتہ، فراگ ماؤتھ کی ہر تصویر کو ملنے والے لائکس اور کمنٹس کی تعداد دوسرے پرندوں کی تصویروں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہیں۔

ماہرین نے اس مقصد کےلیے پرندوں کی تصاویر شیئر کرنے والے، ایسے 9 انسٹاگرام اکاؤنٹس کا جائزہ لیا جن کے فالوورز کی تعداد سب سے زیادہ، اور مجموعی طور پر 35 لاکھ تھی۔

انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ فراگ ماؤتھ پرندوں کی ہر تصویر کو دوسرے پرندوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ لائکس ملے تھے اور ان پر کمنٹس بھی زیادہ کیے گئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شاید فراگ ماؤتھ کا دوسرے پرندوں سے بہت مختلف اور منفرد ہونا ہی اس کی وجہ ہے کیونکہ لوگ معمول سے ہٹ کر چیزوں کو بہت پسند کرتے ہیں۔

خیر، وجہ کچھ بھی ہو لیکن اتنا ضرور طے ہے کہ فراگ ماؤتھ پرندوں کو انسٹاگرام پر ’’پسندیدہ ترین پرندوں‘‘ کا اعزاز حاصل ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔