فرانس میں برفانی تودہ گرنے سے 7 کوہ پیما ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 9 مئ 2021
اس علاقے میں دو ہفتوں سے شدید برف باری جاری ہے، فوٹو: فائل

اس علاقے میں دو ہفتوں سے شدید برف باری جاری ہے، فوٹو: فائل

پیرس: فرانس میں پہاڑی سلسلے ایلپس میں برفانی تودہ گرنے کے دو الگ الگ واقعات میں 7 کوہ پیما ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں ایلپس کے پہاڑی سلسلے کے علاقے ساووئی میں کوہ پیما چوٹی عبور کرنے کی کوشش میں برفانی تودے کی زد میں آگئے۔ دو الگ الگ مقامات پر تھوڑے تھوڑے وقفے سے پیش آنے والے ان واقعات میں 7 کوہ پیما ہلاک ہوگئے۔

اٹلی کی سرحد کے قریب اس علاقے میں گزشتہ دو ہفتوں سے شدید برف باری جاری ہے اور موسم انتہائی خراب ہے جس کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 42 سے 71 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

ہلاک ہونے والے کوہ پیماؤں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ حکومت نے موسم کی خرابی کی وجہ سے چوٹی سر کرنے والے کوہ پیماؤں سے بیس کیمپ سے واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔