کراچی میں اے ٹی ایم توڑ کر 16 لاکھ چرانے والا پنکچر مکینک نکلا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 9 مئ 2021
18 سالہ ملزم عدنان کو اینٹی کار لفٹنگ سیل نے حراست میں لیا، فوٹو: فائل

18 سالہ ملزم عدنان کو اینٹی کار لفٹنگ سیل نے حراست میں لیا، فوٹو: فائل

 کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے گلبرگ میں اے ٹی ایم مشین توڑ کر 16 لاکھ روپے لوٹنے والے 18 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دسمبر 2020 میں گلبرگ میں نجی بینک کا اے ٹی ایم توڑ کر رقم چرانے کے الزام میں 18 سالہ پنکچر لگانے والے نوجوان کو ڈرامائی انداز سے گرفتار کرلیا گیا جس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے پوری کہانی سنادی۔

اس کیس کی فائل بند ہوگئی تھی تاہم اتفاقاً یہ معمہ حل ہوگیا۔ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اکیلے ہی پنکچر کے اوزار کی مدد سے اے ٹی ایم کو توڑا اور دونوں ٹرے گھر لے گیا۔ ٹرے توڑی تو اس میں سے 16 لاکھ روپے نکلے جس سے سرجانی میں گھر، زیور اور رکشہ خریدا۔

ملزم نے بتایا کہ ایک دن اجنبی شخص آیا اور کہا کہ میرا کارڈ مشین میں پھنس گیا ہے جس پر میں نے اوزار کی مدد سے کارڈ نکال کر دیدیا۔ تب خیال آیا کہ اس طرح پیسے بھی نکال سکتا ہوں۔

اینٹی کار لفٹنگ سیل کے ذرائع کے مطابق ایک مخبر نے اطلاع دی کہ پنکچر کی دکان پر کام کرنے والے 18 سالہ عدنان نے بہت کم وقت میں مکان، رکشہ اور سونا خریدا ہے جس پر افسر کو بھی شک ہوا اس نے مذکورہ نوجوان کو بہانے سے دفتر بلاکر معلومات حاصل کی تو ملزم نے سب اگل دیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔