آرمی چیف کی افغان صدر سے ملاقات

ویب ڈیسک  پير 10 مئ 2021
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورسمیت افغان امن عمل پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔(فوٹو:فائل)

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورسمیت افغان امن عمل پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔(فوٹو:فائل)

 اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا ہے کہ پرامن افغانستان کا مطلب پرامن خطہ بالخصوص پرامن پاکستان ہے، پاکستان افغان عوام کی دیرپا امن کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمرجاوید باجوہ نے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے ہمراہ کابل کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا جس میں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے تفصیلی ملاقات کی۔ افغان صدر سے ملاقات میں برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹا ف سر نکلس پیٹرک کارٹر بھی موجود تھے۔

آرمی چیف نے بعد ازاں اعلی کونسل برائے افغانستان کے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹرعبد اللہ عبد اللہ سے بھی ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پرامن افغانستان کا مطلب پرامن خطہ بالخصوص پرامن پاکستان ہے، پاکستان افغان عوام کی دیرپا امن کی کوششوں کی حمائیت کرتا رہے گا، افغان صدر نے بامقصد بات چیت، بالخصوص افغان مفاہمتی عمل میں سنجیدہ کردار پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی اتفاق رائے پر مبنی ’افغان زیرقیادت‘ امن عمل کی ہمیشہ حمایت کریں گے، ملاقات میں دوطرفہ سیکیورٹی، دفاعی تعاون اور بارڈر منیجمنٹ سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔