کورونا کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، شوکت ترین

ویب ڈیسک  پير 10 مئ 2021
اجلاس میں بین الاقوامی اورمقامی مارکیٹ میں بنیادی ضروری اشیا کی قیمتوں کاجائزہ لیاگیا۔(فوٹو:فائل)

اجلاس میں بین الاقوامی اورمقامی مارکیٹ میں بنیادی ضروری اشیا کی قیمتوں کاجائزہ لیاگیا۔(فوٹو:فائل)

 اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے بین الاقوامی منڈیوں میں روزمرہ استعمال کی اشیا بالخصوص خوردنی تیل، چینی، چائے اورآٹےکی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔

مقامی صارفین پر اس کے اثرات کم کرنے کے لیے حکومت رمضان سہولت وسستابازاراوریوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے نیٹ ورک کے ذریعے شہریوں کوبنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے جامع کوششیں کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں گزشتہ ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بالخصوص آٹا، چینی، خوردنی تیل وگھی، دالیں اورمرغی کی قیمتوں کاجائزہ لیاگیا۔

اجلاس مین مسابقتی کمیشن کے چئیرمین نے پولٹری انڈسٹری سے متعلق انکوائری کے نتائج پیش کیے، جس کے مطابق غیرمسابقتی طرزعمل کی وجہ سے چکن فیڈز کی قیمتیں بڑھنے سے مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کوبتایا کہ گزشتہ ہفتے ملک میں 7 اشیا کی قیمتوں میں کمی جب کہ 26 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ وتحقیق سیدفخرامام نے کمیٹی کو صوبوں اورپاسکو کی جانب سے گندم کی خریداری اورجاری سال میں مناسب قیمت پرگندم کی وافرمقدارمیں فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات اورصورت حال سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ گندم کی خریداری کے حوالہ سے پنجاب باقی صوبوں سے آگے ہے۔

سیکرٹری قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے کمیٹی کوبتایا کہ اسٹریٹجک ذخائرمیں اضافہ اورملک بھرمیں گندم کی سہل اندازمیں فراہمی کویقینی بنانے کے لیے  40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کے لیے سمری ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیگی۔

وزیرخزانہ نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صوبوں کورعایتی نرخوں پرگندم کے یومیہ اجراء کویقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبائی نمائندوں کوبلارکاوٹ گندم کے یومیہ اجراکویقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں بین الاقوامی اورمقامی مارکیٹ میں بنیادی ضروری اشیا کی قیمتوں کاجائزہ لیاگیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ کووڈ-19 کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پراپریل کے مہینہ میں 178 فیصد،چینی کی قیمت میں 57 فیصداضافہ اور پام آئل، سویابین آئل اورگندم کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، جس سے مقامی مارکیٹوں میں قیمتوں میں اضافے کارحجان دیکھنے میں آرہاہے۔

وزیرخزانہ شوکت ترین نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوویڈ 19 کی وجہ سے بین الاقوامی منڈیوں میں روزمرہ استعمال کے اشیا بالخصوص خوردنی تیل، چینی، چائے اورآٹا کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ کارٹیلایزیشن کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اشیائے ضرورریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے  صوبائی انتظامیہ اورمتعلقہ محکمے سخت کارروائیاں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خوری اورذخیرہ اندوزی کے ذمہ داروں کے خلا ف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔