روس میں مسلح شخص کا اسکول پر حملہ، 10 سے زائد بچے ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 11 مئ 2021
پولیس نے 19 سالہ ملزم کو حراست میں لے لیا، فوٹو: ویڈیو گریب

پولیس نے 19 سالہ ملزم کو حراست میں لے لیا، فوٹو: ویڈیو گریب

 ماسکو: روس کے شہر کازان میں مسلح نوجوان نے اسکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں طلبا اور استاد سمیت 12 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے شہر کے کازان کے ایک پرائمری اسکول میں مسلح افراد دیوار پھلانگ کر داخل ہوا اور بچوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

مسلح افراد کی فائرنگ سے 12 افراد ہلاک ہوئے جن میں 8 اسکول کے بچے 2 اساتذہ اور ایک گارڈ شامل ہے۔ 21 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے جن میں 18 بچے اور 3 اساتذہ شامل ہیں۔ 6 بچوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دو بچوں کو فائرنگ کی آواز سے خوف زدہ ہوکر دوسری منزل سے چھلانک لگا کر نیچے گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ایک ویڈیو میں پولیس ملزم کو زمین پر لٹا کر گرفتار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے جس کی عمر 19 سال بتائی جارہی ہے۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے تاحال حملے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ روس میں اسکول پر حملے کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔