رش کم کرنے کیلیے مساجد میں نماز عید دو سے تین بار ادا کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  منگل 11 مئ 2021
بیمار، بوڑھے افراد اور 15 سال سے کم عمر لوگ عیدگاہ جانے سے گریز کریں، این سی او سی کی ہدایات جاری (فوٹو: فائل)

بیمار، بوڑھے افراد اور 15 سال سے کم عمر لوگ عیدگاہ جانے سے گریز کریں، این سی او سی کی ہدایات جاری (فوٹو: فائل)

این سی او سی نے عیدالفطر کی نماز کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مساجد میں نماز عید کھلی جگہ منعقد کی جائے اور ہجوم کم کرنے کے لیے دو سے تین بار ادا کی جائے۔

وفاقی وزیر اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیرصدارت این سی او کا اجلاس ہوا، جس میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس 8 سے 16 مئی تک ملک بھر میں چلنے والے موبلٹی کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔

این سی او سی نے 16 مئی 2021 ء تک عائد پابندیوں کے تناظر میں وبائی امراض کے پھیلاوٴ کو کم کرنے کے لئے ایس او پیز پر عملداری کے عزم پر زور دیا اور اپیل کی کہ عوام ان اقدامات پر عملداری کے لئے متحد اور ثابت قدم رہے۔

این سی او سی نے ملک بھر میں عید الفطر کی نماز کے لئے رہنما خطوط کی منظوری بھی دے دی، جس کے تحت عید کی نماز کوویڈ پروٹوکول کے ساتھ کھلی جگہوں پر منعقد کی جائے ،اگر مسجد میں نماز پڑھنی ناگزیر ہو وینٹیلیشن کے لئے کھڑکیاں اور دروازے کھول دئیے جائیں ،مسجد یا کسی بھی کھلی جگہ پر رش کم کرنے کے لیے نماز دو سے تین بار پڑھائی جائے اور نماز عید کا خطبہ محدود رکھا جائے ، بیمار، بزرگ اور 15 سال سے کم عمر بچے نماز میں آنے سے گریز کریں، عید کی نماز کے لیے آنے والے ماسک لازمی پہنیں۔

ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ نماز پڑھنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں، مساجد اور عید گاہوں میں داخلے کے لیے متعدد راستے رکھے جائیں، گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں،نماز کے بعد ہجوم نا بنائیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔