جناح ایئر پورٹ پر 94 لاکھ کی الیکٹرانکس مصنوعات کی اسمگلنگ ناکام

اسٹاف رپورٹر  منگل 11 مئ 2021
دو مسافروں کو کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا . فوٹو : فائل

دو مسافروں کو کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا . فوٹو : فائل

 کراچی: پاکستان کسٹمز جناح اٸیرپورٹ کلکٹریٹ نے ایک کامیاب کاررواٸی کرتے ہوٸے 94 لاکھ روپے مالیت کی الیکٹرانکس مصنوعات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

ڈپٹی کلکٹر جناح انٹرنیشنل اٸیرپورٹ انعام وزیر نے بتایا کہ دبٸی سے امارات اٸیر کی پرواز EK-606 کے ذریعےآنے والے دو مسافر محمد سفیان اور وصی حیدر کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان مسافروں نے کسٹم حکام کو چکمہ دینے کی کوشش بھی کی تھی اور دونوں مسافروں نے آمد کے بعد کورونا ٹیسٹنگ کی قطار سے نکل کر بین الاقوامی ڈپارچر لاؤنج کی طرف جانے کی کوشش کی جسے کسٹمز کے سیٹلاٸیٹ ایریا پر تعینات سادہ لباس اہلکاروں نے ناکام بناتے ہوٸے ان مشکوک مسافروں کی نگرانی کی تو دونوں مسافروں نے گرین چینل سے جانے کی کوشش کی۔

کسٹم حکام نے انہیں روک کر انکے سامان کی ایگزامنیشن کی تو مسافروں کے 2 ٹرالی بیگز، 2 شولڈر بیگز اور ایک پلاسٹک شاپر سے الیکٹرانکس اشیاء برآمد ہوٸیں، جن میں 16 آٸی فونز، 8 میک بکس، 2 پلے اسٹیشن اور36 راڈو گھڑیاں شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔