شہباز شریف کی فلسطینی سفیر سے ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

ویب ڈیسک  منگل 11 مئ 2021
القدس کے تقدس کی پامالی انتہائی قابل مذمت ہے، قائد حزب اختلاف

القدس کے تقدس کی پامالی انتہائی قابل مذمت ہے، قائد حزب اختلاف

شہبازشریف نے فلسطین کے سفیر سے ملاقات  کے دوران کہا کہ اسرائیل کی اس بلاجواز ریاستی دہشت گردی کے بعد فلسطینی علاقوں پر فضائی حملوں سے مزید شہادتیں ہوئیں جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی فسلطین کے سفیر سے ملاقات  کی۔ اس دوران شہبازشریف نے کہا کہ فلسطین کے غیور اور بہادر عوام کے ساتھ یک جہتی کرتے ہیں، بچوں،خواتین سمیت سینکڑوں فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، بچوں سمیت 20 فلسطینیوں کی شہادت پر گہرا صدمہ ہے.

شہباز شریف نے کہا کہ یہ جارحیت اور ظلم ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے، اسرائیل کی اس بلاجواز ریاستی دہشت گردی کے بعد فلسطینی علاقوں پر فضائی حملوں سے مزید شہادتیں ہوئیں جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ عالمی سطح پر ہر معاہدے کے بعد اسرائیل نے خلاف ورزی کی اور اس دیرینہ مسئلے کے حل میں رکاوٹ ڈالی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ القدس کے تقدس کی پامالی انتہائی قابل مذمت ہے، لاشیں گرائی جارہی ہیں، عالمی برادری، خاص طورپر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اس بربریت کا فوری نوٹس لے، سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر دو ایسے حل طلب اور دیرینہ چلے آنے والے تنازعات ہیں یہ دونوں مسئلے عالمی ادارے کی ساکھ، عالمی قانون کی عمل داری اور اقوام متحدہ کے منشور پرعمل درآمد سے متعلق سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔

فلسطینی سفیر نے کہا کہ صدر محمود عباس نے کہاکہ اس حمایت کے لئے آپ اور پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں اوراسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔