سندھ میں ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے کی اجازت مل گئی

ویب ڈیسک  بدھ 12 مئ 2021

 کراچی: سندھ حکومت نے ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے کی اجازت دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی صدارت میں کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کے سد باب کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن اور ویکسینیشن سمیت دیہگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے ریسٹورنٹس کو ٹیک اوے کی اجازت دے دی، انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس کو کرسی لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، ٹیک اوے کے لئے کوئی اپنی گاڑی سے نہیں اترے گا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ صحتکے حکام کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں جہاں بھی ویکسی نیشن یونٹس قائم ہیں انہیں عید پر کھلا رکھیں، عید الفطر کے بعد حیدرآباد، میرپورخاص اور دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ویکسی نیشن سینٹرز قائم کریں۔

مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ گزشتہ سال عید کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تھا، اس سال عوام سے اپیل ہے کہ اپنے رشتہ داروں کو اپنے گھر آنے سے روکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔