شمالی وزیرستان میں عید الفطر منائی گئی

ویب ڈیسک  بدھ 12 مئ 2021
چاند کی رویت کی گواہی اور عید کا اعلان کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے   فوٹو: فائل

چاند کی رویت کی گواہی اور عید کا اعلان کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے فوٹو: فائل

مرانشاہ: شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منائی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شمالی وزیر ستان کے علاقے حسو خیل میں گزشتہ روز کئی افراد نے شوال کے چاند کی رویت کی گواہی دی تھی جس پر آج شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منائی گئی۔ شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میران شاہ، کم سروبی، میر علی غلام خان، سیدگی، منظر خیل، بویہ لانڈ، اور سید آباد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں چاند نظر آنے سے متعلق گواہی دینے والوں اور بدھ کو عید کا اعلان کرنے پر مقامی جامع مسجد کے امام مولانا فقیر نواز سمیت دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے تاہم ابھی تک کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

https://twitter.com/Shafidpk/status/1392325933483368448

واضح رہے کہ عام طور پر قبائلی ضم اضلاع اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں عیدین پاکستان کے دیگر علاقوں سے ایک روز قبل منائی جاتی ہیں تاہم اس مرتبہ شمالی وزیرستان کے علاوہ کہیں بھی عید نہیں منائی گئی، یہاں تک کہ سعودی عرب سمیت مختلف خلیجی ممالک، مشرق وسطیٰ ، مشرق بعید اور امریکا میں بھی عید جمعرات کو منائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔