باکسر عامر خان نے اپنے گھر پر فلسطینی پرچم لہرا دیا

ویب ڈیسک  بدھ 12 مئ 2021
بابر اعظم اور ڈیرن سیمی نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی ہے، فوٹو: فائل

بابر اعظم اور ڈیرن سیمی نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی ہے، فوٹو: فائل

باکسر عامر خان، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، معروف کرکٹر ڈیرن سیمی اور کگیسو ربادا نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالمی شہرت یافتہ برطانوی باکسر عامر خان نے برطانیہ میں اپنے گھر کی تصویر شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے گھر پر فلسطینی پرچم لہرا رہا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کی غزہ پر دوسرے روز بھی بمباری، شہید ہونے والوں کی تعداد 53 ہوگئی 

عامر خان نے اپنی ٹوئٹ میں فری فلسطین کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ باکسر عامر خان نے اپنے ایک بیان میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹوئٹر پر مسجد اقصیٰ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فلسطینیوں کے لیے دعاگو ہوں۔ انسانیت کے ساتھ کھڑا ہونے سے ہی اچھا انسان بنا جا سکتا ہے۔

معروف کرکٹرز ڈیرن سیمی اور کگیسو ربادا نے بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی، ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں نہیں سمجھ پایا ہوں کہ کوئی کسی دوسرے کے ساتھ ایسا برتاؤ کیوں کرتا ہے جو وہ خود اپنے ساتھ نہیں چاہتا۔

اسی طرح جنوبی افریقی کرکٹر کگیسو ربادا نے بھی غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے لوگوں سے فلسطین کیلئے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔