بیکری نے مشتبہ چور کی تصویر بسکٹوں پر چھاپ دی

ویب ڈیسک  جمعرات 13 مئ 2021
امریکی بیکری نے مشتبہ چور کی تصاویر بسکٹ پر چھاپ دی ہے جس کے بعد ملزم کی شناخت ہوگئی ہے۔ فوٹو: این ایکس ایس ٹی وی

امریکی بیکری نے مشتبہ چور کی تصاویر بسکٹ پر چھاپ دی ہے جس کے بعد ملزم کی شناخت ہوگئی ہے۔ فوٹو: این ایکس ایس ٹی وی

ملواکی: امریکی بیکری کی انتظامیہ نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے مشتبہ چور کی تصویر لے کر اسے میٹھے بسکٹوں کے اوپر چھاپ دیا ہے تاکہ خریدار بھی اس کی نشاندہی کرسکیں۔

مل واکی میں قائم کینفورا بیکری میں 19 اپریل کی رات کو ایک شخص رات کو گھس آیا تھا اس نے نقد رقم اپنی جیب میں ڈالی اور کچھ سامان بھی لے کر رفوچکر ہوگیا۔ سیکیورٹی کیمرے نے یہ منظر دیکھ لیا اور اس کی مدد سے ملزم کی تصاویر بنائی گئی ہیں۔

بیکری انتظامیہ نے چینی سے بنے مزیدار میٹھے بسکٹ بنائے ہیں اور اس پر مشتبہ چور کی تصویر چھاپ دی ہے جو یکم مئی سے فروخت کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ تصاویر دیکھ کر مجرم کی شناخت میں مدد کریں۔

’ لوگوں سےگزارش ہے کہ وہ بسکٹ لے کر اس پر چور کی تصویر کھائیں اور مجرم کو پکڑنے میں مدد کریں، لیکن جلدی کیجئے کیونکہ تصاویر والے محدود بسکٹ تیار کئے گئے ہیں،‘ کینفورا بیکری نے فیس بک پر کہا۔ اس کے دودن بعد بیکری نے اعلان کیا کہ مجرم کی شناخت ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔